زاپوریزیا جوہری پلانٹ کی بجلی بحال کرنے کیلئے روس اور یوکرین کے درمیان جنگ بندی کی کوششیں
- آئی اے ای اے کے مطابق تنازع شروع ہونے کے بعد سے اب تک 28ویں مرتبہ پلانٹ کی دونوں بیرونی بجلی کی لائنیں منقطع ہوئی ہیں
اقوام متحدہ کے جوہری توانائی کے نگران ادارے (آئی اے ای اے) نے جمعرات کو کہا ہے کہ وہ روس اور یوکرین کے ساتھ مل کر روس کے زیر قبضہ زاپوریزیا نیوکلیئر پاور پلانٹ کے اطراف نئی مقامی جنگ بندی کرانے کی کوشش کر رہا ہے، جہاں ایک بار پھر بیرونی بجلی کی فراہمی منقطع ہوگئی ہے۔
زاپوریزیا پاور پلانٹ یورپ کا سب سے بڑا جوہری بجلی گھر ہے، جس میں 6 ری ایکٹرز ہیں۔ روسی افواج نے فروری 2022 میں یوکرین پر حملے کے ابتدائی ہفتوں کے دوران اس پلانٹ پر قبضہ کرلیا تھا۔ اس کے بعد سے دونوں ممالک ایک دوسرے پر ایسی فوجی سرگرمیوں کے الزامات عائد کرتے رہے ہیں جو جوہری تنصیبات کی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔
پلانٹ اس وقت بجلی پیدا نہیں کررہا، تاہم ری ایکٹرز میں موجود جوہری ایندھن کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے بجلی کی مسلسل فراہمی ضروری ہے۔
آئی اے ای اے کے مطابق تنازع شروع ہونے کے بعد سے اب تک 28ویں مرتبہ پلانٹ کی دونوں بیرونی بجلی کی لائنیں منقطع ہوئی ہیں، جس کے بعد بجلی کی فراہمی ڈیزل جنریٹرز کے ذریعے جاری ہے۔ بجلی کی بندش مبینہ طور پر فوجی سرگرمیوں کے باعث ہوئی۔
آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی نے صورتحال کو انتہائی غیر مستحکم قرار دیتے ہوئے دونوں فریقوں پر زور دیا کہ وہ فوجی سرگرمیاں روکنے اور مرمت کے کام میں تعاون کریں۔


Comments