مشرق وسطیٰ میں کشیدگی، خام تیل کی قیمت مہینے کی بلند ترین سطح پر
- برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 38 سینٹ یا 0.39 فیصد کمی کے بعد 96.19 ڈالر فی بیرل ہوگئی
عالمی منڈی میں جمعہ کو برینٹ خام تیل کی قیمت رواں ماہ کی بلند ترین سطح کے قریب رہی، جس کی وجہ آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں اور سعودی توانائی تنصیبات پر جاری حملوں کے باعث تیل کی برآمدات متاثر ہونے کے خدشات ہیں۔
برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 38 سینٹ یا 0.39 فیصد کمی کے بعد 96.19 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔ اس سے قبل جمعرات کو قیمت میں تقریباً 2 ڈالر اضافہ ہوا تھا اور یہ 6 نومبر کے بعد بلند ترین سطح پر بند ہوئی تھی۔
امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت 85.41 ڈالر فی بیرل رہی، جو بدھ کی اختتامی قیمت سے 1.73 ڈالر یا 2.07 فیصد زیادہ ہے۔ تھینکس گیونگ تعطیل کے باعث جمعرات کو ڈبلیو ٹی آئی کے سودوں کا تصفیہ نہیں ہوا۔
اے این زیڈ کے تجزیہ کاروں برائن مارٹن اور ڈینیئل ہائنس کے مطابق، مشرق وسطیٰ میں کسی بڑے اضافے کے بغیر بھی برینٹ کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کرسکتی ہے، تاہم اس کے لیے تیل کی قابلِ فراہمی مقدار محدود ہونے کے شواہد ضروری ہیں۔
دونوں عالمی بینچ مارکس مسلسل چار ہفتوں کی کمی کے بعد پہلی ہفتہ وار بڑھوتری کی جانب گامزن ہیں۔
سعودی وزارت توانائی کے مطابق، جمعرات کو جازان ریفائنری پر ایک حملے کے بعد اس کے بعض آپریشنز عارضی طور پر روک دیے گئے۔ واقعے میں ایک نیپالی کارکن ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔
دوسری جانب یوکرین کے روسی ریفائنریوں پر ڈرون حملوں اور تھائی لینڈ، وینزویلا کی ریفائنریوں میں آتشزدگی سے عالمی ڈیزل سپلائی مزید محدود ہونے کا خدشہ ہے۔ برازیل کے باکالہاؤ آئل فیلڈ میں بھی پیداوار پانچ سے آٹھ ہفتوں کے لیے معطل ہوگئی ہے۔


Comments