24 ارب 40 کروڑ کی ٹیکس بے ضابطگیاں، وزیراعظم کا آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم
- قانونی طریقۂ کار کے تحت واجب الادا رقوم کی وصولی یقینی بنائی جائے، شہباز شریف
وزیر اعظم شہباز شریف نے منگل کو آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) کے بانڈڈ ویئر ہاؤسز کے آڈٹ میں 24 ارب 40 کروڑ روپے (87 ملین ڈالر) کی ٹیکس بے ضابطگیاں سامنے آنے کے بعد حکام کو ان کمپنیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق یہ پیشرفت وزیراعظم ہاؤس میں ایف بی آر کے ہفتہ وار جائزہ اجلاس کے دوران سامنے آئی۔ اجلاس میں وزیراعظم نے حکام کو ہدایت کی کہ قانونی طریقۂ کار کے تحت واجب الادا رقوم کی وصولی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے ملک کے ہوائی اڈوں پر کسٹمز کلیئرنس اور امیگریشن کے عمل کو تیز کرنے کے ساتھ ساتھ تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر اسمارٹ اسکیننگ سسٹم جلد فعال کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ متعلقہ اداروں کے تعاون سے پاکستان کے بڑے بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر اسمارٹ اسکیننگ سسٹم نصب کیا جا رہا ہے جس کے تحت مسافروں کے سامان کو خودکار طریقے سے گرین اور ریڈ چینلز کی جانب بھیجا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ پاکستان کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر اسمارٹ اسکیننگ سسٹم جلد از جلد فعال کیا جائے۔
ٹیکس میں سیلز ٹیکس کی کمی اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے جدید کارگو ٹریکنگ سسٹم پر بھی کام جاری ہے۔ اس نظام کے تحت سامان کی لوڈنگ سے لے کر ترسیل تک نقل و حرکت کو ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے مانیٹر کیا جائے گا جس میں ای بل، رسک مینجمنٹ سسٹم، فیلڈ انفورسمنٹ اور تجزیاتی ڈیش بورڈ شامل ہوں گے۔ اس نظام پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے صوبوں کی نمائندگی پر مشتمل ایک اسٹیئرنگ کمیٹی بھی تشکیل دی جارہی ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ دریائے سندھ پر قائم پلوں پر کام کرنے والا انفورسمنٹ یونٹ انڈس کلکٹریٹ ملک بھر میں کارروائیاں شروع کرچکا ہے اور اب تک 302 کارروائیوں کے دوران ایک ارب 85 کروڑ روپے مالیت کا غیر قانونی سامان ضبط کرچکا ہے۔
سیلز ٹیکس کی وصولی بہتر بنانے کے لیے ملک کے چار بڑے ٹیکس پیئر یونٹس، کراچی، لاہور، اسلام آباد اور ملتان میں الگ الگ سیلز ٹیکس زونز قائم کیے جارہے ہیں۔
حکام نے اجلاس کو ایف بی آر کے آئی ٹی ونگ، پرال میں ڈیٹا کی درستگی اور تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ متعدد سافٹ ویئر سسٹمز میں اضافی سکیورٹی فیچرز شامل کیے گئے ہیں۔
وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ چیئرمین ایف بی آر کے حالیہ دورۂ کراچی اور لاہور اور تاجروں و صنعت کاروں سے ملاقاتوں کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے جن سے تجارت، برآمدات اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔
حکام کے مطابق ایف بی آر کراچی صنعت کاروں کو ان کی دہلیز پر خدمات فراہم کرنے کے لیے کورنگی انڈسٹریل اسٹیٹ میں ایک دفتر قائم کر رہا ہے۔


Comments