پاکستان کے بڑے کاروباری گروپس میں شامل اینگرو ہولڈنگز لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اپنے جاری اور ادا شدہ عام حصص میں سے زیادہ سے زیادہ 6 کروڑ حصص واپس خریدنے کی تجویز دی ہے، جو کمپنی کے مجموعی زیرِ گردش حصص کا تقریباً 5.14 فیصد بنتے ہیں۔
اسٹاک ایکسچینج میں لسٹڈ کمپنی نے منگل کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو جاری کردہ نوٹس میں اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔ کمپنی کے مطابق حصص کی واپسی کا مقصد شیئر ہولڈرز کی قدر میں اضافہ کرنا اور سرمایہ مختص کرنے کی حکمت عملی کو بہتر بنانا ہے۔
اینگرو ہولڈنگز نے بتایا کہ اس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے مجوزہ شیئر بائی بیک کی منظوری کے لیے شیئر ہولڈرز کے سامنے خصوصی قرارداد پیش کرنے کی سفارش کی ہے۔
کمپنی نے اسٹاک ایکسچینج کو جاری کردہ نوٹس میں کہا کہ 6 کروڑ حصص کی مجوزہ حد زیادہ سے زیادہ تعداد ہے۔ اس کا مقصد کمپنی کو یہ اختیار فراہم کرنا ہے کہ وہ اپنی سرمایہ مختص کرنے کی ترجیحات کے مطابق سرمایہ استعمال کرسکے، بشرطیکہ حصص کی موجودہ مارکیٹ قیمت ان کی حقیقی قدر سے کم ہو اور خریداری کو سرمائے کے بہترین استعمال کا موزوں طریقہ سمجھا جائے۔
کمپنی کے مطابق خریدے جانے والے حصص کو ٹریژری شیئرز کے طور پر اپنے پاس رکھنے کا ارادہ ہے، تاکہ مستقبل میں سرمائے کے مؤثر استعمال کے لیے مزید لچک برقرار رکھی جاسکے۔
خریداری کی اہم تفصیلات کے مطابق کمپنی 29 دسمبر 2026 سے 22 جون 2027 تک، یا خریداری مکمل ہونے تک، 10 روپے فی حصص کی قیمتِ رکھنے والے زیادہ سے زیادہ 6 کروڑ عام حصص واپس خریدنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ ان دونوں میں سے جو بھی صورت پہلے پیش آئے گی، خریداری اسی وقت تک جاری رہے گی۔
کمپنی کے مطابق حصص کی خریداری اسپاٹ پرائس یعنی اس وقت کی مارکیٹ قیمت پر کی جائے گی۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ حصص کی خریداری نقد ادائیگی کے ذریعے کی جائے گی اور اس کے لیے کمپنیز ایکٹ 2017 کی دفعہ 88(8) کے تقاضوں کے مطابق قابلِ تقسیم منافع استعمال کیا جائے گا۔
اینگرو ہولڈنگز کے مطابق مجوزہ لین دین کا مقصد شیئر ہولڈرز کی قدر میں اضافہ کرنا، قابلِ اطلاق قوانین کے تحت ٹریژری شیئرز اپنے پاس رکھنے یا انہیں کسی اور طریقے سے استعمال کرنے کے ذریعے سرمائے کو بہتر بنانا، مستقبل میں ملازمین کے مراعاتی منصوبوں سمیت دیگر مقاصد کے لیے حصص کا استعمال اور نقد رقم حاصل کرنے کے خواہش مند شیئر ہولڈرز کو اپنے حصص فروخت کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔
کمپنی نے بتایا کہ مجوزہ شیئر بائی بیک کی منظوری کے لیے غیر معمولی جنرل اجلاس (ای او جی ایم) 24 دسمبر 2026 کو کراچی میں منعقد ہوگا۔ اس لین دین کا انحصار شیئر ہولڈرز کی منظوری پر ہوگا۔
اینگرو ہولڈنگز لمیٹڈ اس سے قبل ڈاؤد ہرکولیس کارپوریشن لمیٹڈ کے نام سے جانی جاتی تھی۔
مئی 2024 میں ڈاؤد ہرکولیس کارپوریشن لمیٹڈ اور اینگرو کارپوریشن لمیٹڈ کے بورڈز کی جانب سے منظور کردہ تنظیمِ نو کی تجویز کے بعد کمپنی کا نام تبدیل کرکے اینگرو ہولڈنگز لمیٹڈ رکھا گیا تھا۔
اس تنظیمِ نو کا مقصد سرمایہ کاری کے مواقع میں اضافہ اور سرمایہ کاری کی کوششوں کو یکجا کرنا تھا۔ اس کے نتیجے میں اینگرو کارپوریشن، اینگرو ہولڈنگز کی مکمل ملکیتی ذیلی کمپنی بن گئی، جبکہ اینگرو کارپوریشن کے اقلیتی شیئر ہولڈرز کو اینگرو ہولڈنگز کے حصص اس تناسب سے دیے گئے جس سے اینگرو کارپوریشن میں ان کی معاشی ملکیت کا تناسب برقرار رہا۔


Comments