پہلی سہ ماہی کے بجٹ نتائج
- مجموعی اعداد و شمار پر پہلی نظر ڈالنے سے صورتِ حال انتہائی مثبت دکھائی دیتی ہے
وفاقی وزارتِ خزانہ نے مالی سال 2026-27 کی پہلی سہ ماہی کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے بجٹ کے نتائج جاری کردیے ہیں۔
مجموعی اعداد و شمار پر پہلی نظر ڈالنے سے صورتِ حال انتہائی مثبت دکھائی دیتی ہے۔ بظاہر وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے مجموعی طور پر 1,273 ارب روپے کا بجٹ سرپلس حاصل کیا ہے۔ قرضوں پر سود کی ادائیگیوں کو نکال دیا جائے تو بنیادی بجٹ سرپلس (پرائمری سرپلس) 2,973 ارب روپے تک پہنچ جاتا ہے۔
تاہم ان بڑی مثبت رقوم کے باوجود یہ مالی سال 2025-26 کی پہلی سہ ماہی میں حاصل ہونے والی متعلقہ مثبت رقوم سے کم ہیں۔ مجموعی مثبت بجٹ توازن میں 40 فیصد تک کمی ہوئی ہے، جبکہ بنیادی بجٹ سرپلس 15 فیصد کم رہا ہے۔
ان اعداد و شمار میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی جانب سے پہلی سہ ماہی میں سالانہ منافع کی مد میں یکمشت 1,932 ارب روپے کی منتقلی کے باعث غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ اس لیے مالی سال 2026-27 اور 2025-26 کے چاروں سہ ماہیوں میں اسٹیٹ بینک کے منافع کو یکساں طور پر تقسیم کرتے ہوئے مجموعی بجٹ توازن کا درست تخمینہ لگانے کی کوشش بھی کی گئی ہے۔
اس طریقہ کار سے مالی سال 2026-27 کی پہلی سہ ماہی کے بجٹ نتائج میں بڑی تبدیلی سامنے آتی ہے۔ 1,273 ارب روپے کا بجٹ سرپلس کم ہوکر 176 ارب روپے کے خسارے میں تبدیل ہوجاتا ہے۔ تاہم مالی سال 2025-26 کی پہلی سہ ماہی میں 298 ارب روپے کا بجٹ سرپلس برقرار رہتا ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مالی سال 2026-27 کی پہلی سہ ماہی میں بجٹ کی صورتِ حال خراب ہوئی ہے۔
اب ہم مالی سال 2026-27 کی پہلی سہ ماہی میں بجٹ کے اہم انفرادی اعداد و شمار کی سطح اور رجحانات کا جائزہ لیتے ہیں۔
سب سے اہم نتیجہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی آمدنی سے متعلق ہے۔ مالی سال 2025-26 کی پہلی سہ ماہی کی سطح کے مقابلے میں ایف بی آر کی آمدنی میں اضافہ یک ہندسی رہا، جو صرف 7 فیصد ہے۔ مالی سال 2026-27 کے لیے سالانہ شرح نمو کا ہدف 17 فیصد مقرر کیا گیا ہے۔ اس طرح پہلے ہی 288 ارب روپے کی کمی سامنے آچکی ہے۔
ایف بی آر کے ٹیکسوں میں صرف سیلز ٹیکس ایسا ٹیکس ہے جس کی آمدنی میں دو ہندسی شرح سے اضافہ ہوا، جو 11.6 فیصد ہے۔ انکم ٹیکس، کسٹمز ڈیوٹی اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی شرح نمو بالترتیب صرف 5.6 فیصد، 0.1 فیصد اور 3.1 فیصد رہی۔ واضح طور پر ایف بی آر کو ابھی ایک بڑا ہدف حاصل کرنا ہے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ سالانہ محصولات کا ہدف پورا کرنے کے لیے مالی سال 2026-27 کی اگلی تین سہ ماہیوں میں 20 فیصد سے زیادہ شرح نمو درکار ہوگی۔
مالی سال 2026-27 کی پہلی سہ ماہی میں وفاقی حکومت کی نان ٹیکس آمدنی بھی مالی سال 2025-26 کی اسی سہ ماہی کے مقابلے میں 454 ارب روپے کم رہی۔ اس کی بنیادی وجہ اسٹیٹ بینک کے سالانہ منافع میں 496 ارب روپے کی کمی ہے، جس کی بڑی وجہ شرحِ سود میں کمی ہے۔ تاہم اسٹیٹ بینک کا 1,932 ارب روپے کا منافع مالی سال 2026-27 کے مقررہ ہدف سے 497 ارب روپے زیادہ ہے۔
صوبائی ٹیکس آمدنی میں تقریباً 12 فیصد کی معتدل شرح سے اضافہ ہوا ہے۔ خوش آئند بات خدمات پر سیلز ٹیکس کی غیر معمولی کارکردگی ہے، جس کی آمدنی میں پہلی سہ ماہی کے دوران 24 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
وفاقی اخراجات کے حوالے سے بھی کچھ مثبت پیش رفت سامنے آئی ہے۔ مالی سال 2026-27 کے بجٹ کے مطابق وفاقی حکومت کے جاری اخراجات میں 19.8 فیصد اضافے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، تاہم پہلی سہ ماہی کے دوران ان میں صرف 6 فیصد اضافہ ہوا۔ یہ جاری اخراجات میں کفایت شعاری کی کوششوں کا ثبوت ہے۔
تاہم پہلی سہ ماہی میں مارک اَپ کی ادائیگیوں میں 23.5 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ پورے سال کے لیے اس مد میں اضافے کا ہدف 15.9 فیصد ہے۔ اس زیادہ اضافے کی تلافی دیگر اخراجات میں بجٹ کے مقررہ ہدف کے مقابلے میں کم شرح نمو کے ذریعے کی گئی ہے۔
دفاعی اخراجات میں 10.7 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ سالانہ شرح نمو کا ہدف 16 فیصد ہے۔ اسی طرح گرانٹس اور منتقلیوں میں 33.1 فیصد اضافے کی توقع ہے، لیکن پہلی سہ ماہی میں ان میں درحقیقت 11.9 فیصد کمی ہوئی۔ پنشن کے اخراجات میں 16.8 فیصد اضافے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، تاہم ان میں صرف 5.6 فیصد اضافہ ہوا۔ سبسڈیز میں بھی درحقیقت 28.6 فیصد کمی ہوئی ہے، جبکہ ان میں 7.7 فیصد اضافے کا تخمینہ تھا۔
مجموعی طور پر وفاقی حکومت نے جاری اخراجات میں اضافے کو نمایاں حد تک قابو میں رکھا ہے۔ سوال یہ ہے کہ آیا اگلی تین سہ ماہیوں میں بھی یہ رجحان برقرار رہے گا یا خصوصاً سبسڈیز، گرانٹس اور حکومتی امور چلانے کے اخراجات میں بعد کے مہینوں کے دوران تیزی سے اضافہ ہوگا۔
ایک انتہائی تشویش ناک پہلو وفاقی حکومت کی جانب سے ترقیاتی اخراجات میں بڑی کٹوتی ہے۔ مالی سال 2026-27 کے لیے ترقیاتی اخراجات کا سالانہ ہدف 1,276 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے۔ پہلی سہ ماہی میں منصوبوں پر صرف سالانہ ہدف کا 6 فیصد خرچ کیا گیا۔ اس کا مطلب ہے کہ جاری منصوبوں پر عمل درآمد میں بڑی تاخیر ہورہی ہے۔
اب صوبائی حکومتوں کی طرف آتے ہیں تو یہاں سب سے اہم بات صوبائی نقد سرپلس کا حجم ہے۔ مالی سال 2026-27 کے لیے اس کا ہدف 1,794 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے، جو مالی سال 2025-26 میں حاصل ہونے والی اصل رقم کے مقابلے میں 23.8 فیصد زیادہ ہے۔
تاہم مالی سال 2026-27 کی پہلی سہ ماہی میں صوبائی نقد سرپلس میں گزشتہ مالی سال کی اسی سہ ماہی کے مقابلے میں 23.2 فیصد کمی ہوئی ہے۔ اس کی بنیادی وجہ صوبائی حکومتوں کے مجموعی اخراجات میں تقریباً 22 فیصد اضافہ ہے۔ واضح طور پر چاروں صوبائی حکومتوں کو بھی اپنے اخراجات، خصوصاً جاری اخراجات میں کفایت شعاری اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔
مجموعی طور پر سرکاری مالیات کے رجحانات کے ابتدائی اشاروں کی بنیاد پر یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا مالی سال 2026-27 میں مجموعی بجٹ خسارہ جی ڈی پی کے 3.6 فیصد تک محدود رکھنے کا ہدف حاصل ہوسکے گا؟ یہ آئی ایم ایف پروگرام کا بھی ایک ہدف ہے۔
پہلا اشارہ وفاقی آمدنی، خصوصاً ایف بی آر کے ٹیکس محصولات میں نمایاں کمی کا ہے۔ وفاقی سطح پر جاری اخراجات کو اچھی طرح قابو میں رکھا گیا ہے، لیکن کیا یہ سلسلہ برقرار رہ سکے گا؟ بجٹ خسارہ محدود رکھنے کی کوششوں کے نتیجے میں ترقیاتی اخراجات میں بھی شدید کمی کی گئی ہے۔
صوبائی حکومتوں نے ٹیکس آمدنی میں کچھ بہتر کارکردگی دکھائی ہے۔ تاہم، آئین کے آرٹیکل 64 کے تحت وفاقی حکومت کو ایک ہزار ارب روپے سے زائد کی گرانٹ دینے کی ذمہ داری ابھی باقی ہے۔ پہلی سہ ماہی میں صرف 57 ارب روپے کی گرانٹ دی گئی ہے۔ اس کے نتیجے میں سال کے اختتام تک صوبائی نقد سرپلس میں نمایاں کمی ہوسکتی ہے۔
مالی سال 2026-27 سرکاری مالیات کے لیے ایک مشکل سال ثابت ہونے کا امکان ہے۔ وفاقی اور صوبائی وزارتِ خزانہ کو باقاعدگی سے صورتِ حال کا جائزہ لینے اور پالیسی میں ضروری تبدیلیاں کرنے کی ضرورت ہوگی، بصورتِ دیگر جی ڈی پی کے 3.6 فیصد کے مجموعی بجٹ خسارے کا ہدف حاصل کرنا ممکن نہیں ہوگا۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026


Comments