پاکستان کی معیشت پر افغان مہاجرین کی آمد کا اثر محدود رہا، آئی ایم ایف
- 2022 کے بعد بڑی تعداد میں افغانستان سے آنے والے مہاجرین کے معاشی اثرات پاکستان میں اردن، لبنان اور ایران کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم رہے
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے اندازہ لگایا ہے کہ پاکستان میں مہاجرین کی آمد کے معیشت پر محدود اثرات مرتب ہوئے ہیں، کیونکہ افرادی قوت کی فراہمی اور حکومتی اخراجات میں اضافے کے جھٹکے نسبتاً کم رہے ہیں۔ یہ جائزہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان مشرق وسطیٰ، شمالی افریقا، افغانستان اور پاکستان (میناپ) خطے میں مہاجرین کی بڑی آبادی کی میزبانی کرنے والے ممالک میں شامل ہے۔
آئی ایم ایف کی 2026 کی محکمانہ رپورٹ ’’مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا میں مہاجرین کی آمد کے معاشی اثرات‘‘ کے مطابق، 2022 کے بعد بڑی تعداد میں افغانستان سے آنے والے مہاجرین کے معاشی اثرات پاکستان میں اردن، لبنان اور ایران کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم رہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مہاجرین کی میزبانی کے سالانہ اخراجات مختلف ممالک میں نمایاں فرق رکھتے ہیں۔ 2020-21 کے دوران فی مہاجر ممکنہ سالانہ اخراجات لبنان میں تقریباً 1,102 ڈالر، اردن میں 720 ڈالر اور ایران میں 572 ڈالر رہے، جبکہ پاکستان میں یہ تخمینہ تقریباً 181 ڈالر تھا۔
آئی ایم ایف کے مطابق تمام مہاجرین کی ضروریات پوری کرنے کے ممکنہ سالانہ اخراجات لبنان اور اردن میں مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کے تقریباً 5 فیصد تک پہنچتے ہیں، جبکہ دیگر میزبان ممالک میں یہ ایک فیصد سے کم ہیں۔
آئی ایم ایف نے بتایا کہ مہاجرین کی آمد معیشت کو تین اہم ذرائع سے متاثر کرتی ہے، جن میں افرادی قوت میں اضافہ، خوراک، رہائش، صحت اور تعلیم پر سرکاری اخراجات اور عوامی بنیادی ڈھانچے پر دباؤ شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اضافی افرادی قوت معاشی سرگرمی بڑھا سکتی ہے، تاہم مقامی مارکیٹ میں روزگار کی محدود گنجائش بے روزگاری میں اضافے کا باعث بن سکتی ہے۔ مہاجرین کی کم اوسط پیداواری صلاحیت فی کس آمدنی پر بھی منفی اثر ڈال سکتی ہے۔
آئی ایم ایف نے کہا کہ بین الاقوامی امداد مہاجرین کی میزبانی کے اخراجات کا صرف جزوی احاطہ کرتی ہے، جبکہ طویل المدتی بے دخلی کے حالات میں صحت، تعلیم اور بنیادی ڈھانچے پر مزید سرمایہ کاری ضروری ہے۔
رپورٹ میں روزگار، جائیداد کی ملکیت اور بنیادی خدمات تک رسائی پر پابندیوں کو مہاجرین کی خود کفالت میں رکاوٹ قرار دیا گیا۔ آئی ایم ایف کے مطابق مناسب معاشی گنجائش ہونے کی صورت میں مہاجرین کی لیبر مارکیٹ میں شمولیت سرکاری امداد پر انحصار کم اور مالیاتی توازن بہتر بنا سکتی ہے۔
آئی ایم ایف نے اعداد و شمار کی کمی اور محدود معلومات کے باعث نتائج کو رپورٹ میں استعمال کردہ مدت اور مفروضوں کے تناظر میں دیکھنے کی ہدایت کی ہے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026


Comments