کوپ 31 موسمیاتی مذاکرات ناکام، یورپی یونین سمیت کئی ممالک نے معاہدہ مسترد کردیا
- دو ہفتوں سے زائد جاری مذاکرات دو دن اضافی وقت تک چلے، جس کے باعث یہ تاریخ کی طویل ترین کوپ کانفرنس بن گئی، تاہم کوئی معاہدہ طے نہ ہوسکا
اقوام متحدہ کی موسمیاتی کانفرنس کوپ 31 اتوار کو ناکامی پر ختم ہوگئی، جب یورپی یونین اور دیگر ممالک نے ترکیہ اور آسٹریلیا کی صدارت میں پیش کردہ حتمی معاہدے کو مسترد کردیا۔ ان ممالک کا کہنا تھا کہ مجوزہ معاہدہ عالمی حدت کے خلاف مؤثر اقدامات کے لیے ناکافی ہے۔
مذاکرات کی ناکامی عالمی حکومتوں کی جانب سے موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے اثرات، جن میں شدید گرمی کی لہریں، جنگلاتی آگ، سیلاب اور طاقتور طوفان شامل ہیں، سے نمٹنے کے لیے مؤثر اقدامات پر اتفاق نہ ہونے کی عکاسی کرتی ہے۔ جنگوں اور معاشی دباؤ نے بھی موسمیاتی مسئلے پر توجہ محدود کردی ہے۔
دو ہفتوں سے زائد جاری مذاکرات دو دن اضافی وقت تک چلے، جس کے باعث یہ تاریخ کی طویل ترین کوپ کانفرنس بن گئی، تاہم کوئی معاہدہ طے نہ ہوسکا۔
کانفرنس کے صدر مرات کورم نے اختتامی اجلاس میں کہا کہ مزید کوئی متن پیش نہیں کیا جائے گا۔ آسٹریلیا کے مذاکراتی صدر کرس بوون نے نتائج کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ فوسل فیول اور موسمیاتی مالی معاونت پر اختلافات معاہدے کی راہ میں رکاوٹ بنے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی مایوسی کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومتوں سے موسمیاتی بحران کے تقاضوں کے مطابق اقدامات کی توقع تھی۔
یورپی یونین نے مجوزہ معاہدے میں فوسل فیول کا ذکر نہ ہونے پر اعتراض کیا، جبکہ سعودی عرب اور دیگر تیل پیدا کرنے والے ممالک نے فوسل فیول کے استعمال کو برقرار رکھنے کی حمایت کی۔
ترقی پذیر ممالک نے بھی معاہدے میں موسمیاتی مالی معاونت ناکافی ہونے پر تنقید کی۔ تاہم کانفرنس کی ناکامی سے گزشتہ اقوام متحدہ کے اجلاسوں میں طے شدہ ذمہ داریاں ختم نہیں ہوتیں۔


Comments