حوثیوں کی جنگی صلاحیتیں تباہ کرنے کے لیے سعودی اتحاد کا الحدیدہ بندرگاہ پر حملہ
- حوثی باغیوں کی فضائی کمپنیوں کو سعودی فضائی حدود سے گریز کرنے کی تنبیہ ، چند گھنٹوں میں نئے فضائی حملے کرنے کا اعلان
یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف برسرپیکار سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے جمعے کو بحیرہ احمر کی بندرگاہ الحدیدہ پر حملے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد حوثیوں کی جنگی صلاحیتوں کو تباہ کرنا تھا۔ دوسری جانب حوثی باغیوں نے فضائی کمپنیوں کو سعودی فضائی حدود سے گریز کرنے کی تنبیہ کرتے ہوئے چند گھنٹوں میں نئے فضائی حملے کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ایک روز قبل حوثی باغیوں کی جانب سے ریاض کی بلند ترین عمارت کو نشانہ بنائے جانے کے بعد یہ پیشرفت تنازع میں مزید شدت کی نشاندہی کرتی ہے۔ اس تنازع کے باعث یمن میں انسانی بحران پیدا ہوا ہے جبکہ سعودی عرب کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ یہ صورتحال ایران کے خلاف امریکا کی قیادت میں جاری جنگ کے ساتھ سامنے آئی ہے۔
الحدیدہ حوثیوں کے زیر کنٹرول شمالی یمن میں خوراک اور دیگر ضروری اشیا کی ترسیل کی مرکزی بندرگاہ ہے۔ سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے اس سے قبل شہریوں کو علاقے سے انخلا کی تنبیہ بھی کی تھی۔
سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے کہا کہ اس نے بندرگاہ پر موجود ان تنصیبات اور صلاحیتوں کو تباہ کردیا ہے جو اسمگلنگ اور ہتھیاروں سمیت بیلسٹک میزائلوں کی ترسیل کے لیے استعمال ہوتی تھیں۔یمن کے وزیر اطلاعات کے مطابق بندرگاہ مکمل طور پر فعال ہے اور وہاں سے اشیا کی ترسیل کا سلسلہ جاری رہے گا۔
حوثیوں کی شپنگ کمپنیوں کو سعودی بندرگاہوں سے انخلا کی ہدایت
حوثی باغیوں کی جانب سے فوری طور پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا، تاہم انہوں نے اس سے قبل خبردار کیا تھا کہ اگر سعودی عرب نے یمنی بندرگاہ پر حملے کی اپنی دھمکی پر عمل کیا تو وہ بحیرہ احمر کی بندرگاہوں کو نشانہ بنائیں گے۔
حوثی فوج کے ترجمان یحییٰ سریع نے ایک بیان میں کہا کہ ہم سعودی عرب کی بحیرہ احمر کی بندرگاہوں کے تمام ملازمین، کارکنوں اور اطراف میں موجود افراد کو خبردار کرتے ہیں کہ وہ فوری طور پر وہاں سے نکل جائیں اور اس علاقے سے دور رہیں۔ ہم تمام شپنگ کمپنیوں سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنے جہاز فوری ان بندرگاہوں سے نکال لیں۔
یحییٰ سریع نے فضائی کمپنیوں کو بھی سعودی فضائی حدود سے گریز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے چند گھنٹوں میں یہ فضائی حدود ہمارے حملوں کا مرکز ہوں گی، تاہم انہوں نے مسلمانوں کے مقدس شہروں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے قریب فضائی حدود کو اس تنبیہ سے مستثنیٰ قرار دیا۔ انہوں نے جنوبی سعودی عرب کے علاقے شقیق میں ایک بجلی گھر کو بھی نشانہ بنانے کا اعلان کیا۔
بعد ازاں سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے کہا کہ اس نے حوثیوں کی جانب سے جنوبی صوبے جازان کی طرف داغے گئے دو بیلسٹک میزائلوں کو فضا ہی میں روک کر تباہ کر دیا جبکہ ان کا ملبہ شقیق کے علاقے میں گرا۔ دوسری جانب حوثیوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے شقیق میں ایک بجلی گھر اور جازان کی ایک بندرگاہ کو نشانہ بنایا ہے۔


Comments