کیف میں روس کا بڑا میزائل حملہ، 3 پل تباہ، 3 افراد ہلاک
- حملوں کے باعث آگ لگ گئی اور اہم انفراسٹرکچر اور عمارتوں کو نقصان پہنچا
روس نے یوکرین کے دارالحکومت کیف میں دریائے دنیپرو پر قائم تین پلوں پر بیلسٹک میزائل حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہو گئے۔
میئر ویتالی کلچکو نے ٹیلی گرام پر بتایا کہ حملے پوڈیلسکو-ووسکریسنکی، ڈارنیٹسکی اور پیوڈینی پلوں پر کیے گئے، جس کے بعد شہر میں ٹریفک بند یا محدود کر دی گئی۔ یہ جنگ کے آغاز سے اب تک کیف کے دائیں اور بائیں کناروں کو ملانے والے راستوں پر سب سے بڑا حملہ ہے۔
حملوں کے باعث آگ لگ گئی اور اہم انفراسٹرکچر اور عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ یہ حملے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی جانب سے سخت جوابی کارروائی کے وعدے کے بعد کیے گئے، جو یوکرین کی جانب سے اس ہفتے تیسری بار روس اور کریمیا کو ملانے والے پل پر حملے کے بعد سامنے آیا تھا۔
دوسری جانب دنیپروپیٹرووسک میں ڈرون حملے میں اپارٹمنٹس کو نشانہ بنایا گیا جس سے 5 افراد زخمی ہوئے، جبکہ خارکیف میں اسپتال پر ڈرون حملے میں 4 افراد زخمی ہوئے۔ زاپوریزھیا میں ٹرام پر ڈرون حملے میں ایک شخص زخمی ہوا۔
ادھر روس اور یوکرین نے اولیشکی میں انسانی امدادی کارروائی کے لیے مقامی جنگ بندی شروع کر دی ہے۔ یورپی اتحادیوں نے خبردار کیا ہے کہ امن معاہدہ ان کے بغیر طے نہ کیا جائے، یہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات میں پیوٹن کو دوست قرار دینے کے بعد سامنے آیا۔


Comments