چین اور روس کے ساتھ جوہری ہتھیاروں کی حد مقرر کرنے کا معاہدہ کرنا مشکل ہوگا، ٹرمپ
- جوہری ہتھیاروں میں کمی کے تصور کی حمایت کرتا ہوں لیکن بطور صدر اس حوالے سے مذاکرات کرنا انتہائی مشکل کام ہے، امریکی صدر
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ چین اور روس کے ساتھ جوہری ہتھیاروں کو محدود کرنے کے لیے مشترکہ معاہدہ کرنا مشکل ہوگا، تاہم وہ اس مقصد کے حصول کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کو ٹیلی فون پر انٹرویو دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ وہ جوہری ہتھیاروں میں کمی کے تصور کی حمایت کرتے ہیں، لیکن بطور صدر اس حوالے سے مذاکرات کرنا انتہائی مشکل کام ہے۔
ٹرمپ نے چین میں چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ سہ فریقی اجلاس کے بعد واشنگٹن واپسی کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ترجیحات میں تینوں ممالک کے درمیان جوہری ہتھیاروں پر مذاکرات کا آغاز شامل تھا۔
انہوں نے کہا کہ شی جن پنگ بھی جوہری ہتھیار محدود کرنے کے تصور سے اتفاق کرتے ہیں، تاہم کسی ملک کے لیے اپنے ہزاروں جوہری ہتھیاروں میں سے نصف کم کرنے پر رضامند ہونا آسان نہیں۔
اعدادوشمار کے مطابق امریکا کے پاس تقریباً 3,708 جبکہ چین کے پاس 410 جوہری وار ہیڈز تھے۔ دوسری جانب مارچ 2026 تک روس کے جوہری ذخیرے کا تخمینہ تقریباً 5,420 وار ہیڈز لگایا گیا ہے۔ امریکی محکمہ دفاع کے مطابق چین 2030 تک اپنے فعال جوہری وار ہیڈز کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کرنے کی جانب بڑھ رہا ہے۔
اجلاس کے بعد جاری مشترکہ اعلامیے میں رہنماؤں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ جوہری جنگ نہ جیتی جاسکتی ہے اور نہ ہی کبھی لڑی جانی چاہیے۔ انہوں نے جوہری خطرات میں کمی اور جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے مذاکرات جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔


Comments