فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ تربت، بلوچستان میں امن و ترقی کے عزم کا اعادہ
- بلوچستان میں امن، خوشحالی اور پائیدار ترقی کے حصول کیلئے صوبے کے عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے پاک فوج کے عزم کا اعادہ
چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جمعرات کو بلوچستان کے شہر تربت کا دورہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تربت آمد پر کور کمانڈر بلوچستان نے ان کا استقبال کیا جس کے بعد چیف آف ڈیفنس فورسز نے یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر کو علاقے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال، آپریشنل تیاریوں اور خطے میں بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے خلاف جاری کارروائیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہیں بلوچستان کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے جاری مختلف سماجی و اقتصادی ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
فوجی جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے مشکل حالات کے باوجود ان کی اعلیٰ عملی تیاری، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور وطن عزیز کے دفاع کے عزم کو سراہا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بلوچستان میں امن، خوشحالی اور پائیدار ترقی کے حصول کیلئے صوبے کے عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا۔


Comments