ٹرمپ کے بورڈ آف پیس نے غزہ جنگ ختم نہ ہونے پر اسرائیل اور حماس دونوں کو ذمہ دار قرار دے دیا
- رپورٹ میں اسرائیل اور حماس کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی، غزہ کے عوام بدستور شدید بحران کا شکار
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ جنگ کے خاتمے کے منصوبے کی نگرانی کرنے والے بورڈ آف پیس نے اسرائیل اور حماس دونوں پر جنگ بندی کے لیے کیے گئے وعدوں پر عمل درآمد میں ناکامی کا الزام عائد کیا ہے، جس کے باعث غزہ کے عوام بدترین حالات سے دوچار ہیں اور جنگ بندی معاہدہ ختم ہونے کے خطرے سے دوچار ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق 12 صفحات پر مشتمل بورڈ آف پیس کی رپورٹ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو پیش کی گئی دوسری رپورٹ ہے، جو امریکا کی حمایت سے ہونے والی جنگ بندی کے 13 ماہ بعد جاری کی گئی ہے۔ رپورٹ میں اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
ٹرمپ کے قائم کردہ اور ان کی سربراہی میں کام کرنے والے بورڈ سے توقع ہے کہ وہ نومبر کے آخر میں نیویارک میں سلامتی کونسل کے اجلاس کے دوران رپورٹ کے نتائج پیش کرے گا۔
رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ طے شدہ معاہدوں اور زمینی حقائق کے درمیان فرق امن عمل کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے، جبکہ ایسی جنگ بندی زیادہ دیر برقرار نہیں رہ سکتی جس کے ثمرات عوام کو نظر نہ آئیں۔


Comments