حکومت کا ایچ بی ایل کو چار ممالک میں تجارتی روابط کے فروغ میں تعاون دینے کا فیصلہ
- یہ پیش رفت وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور حبیب بینک لمیٹڈ کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد نصیر سلیم کی سربراہی میں بینک کے وفد کے درمیان ہونے والے اجلاس میں سامنے آئی
وزارتِ تجارت نے حبیب بینک لمیٹڈ (ایچ بی ایل) کو پاکستان کے اہم تجارتی شراکت دار ممالک کے ساتھ تجارتی مالی معاونت اور بینکاری روابط مضبوط بنانے میں تعاون فراہم کرنے پر اتفاق کیا ہے، تاکہ سرحد پار لین دین کو آسان بنایا جاسکے اور دوطرفہ تجارت کو فروغ دیا جاسکے۔
بدھ کو جاری بیان کے مطابق یہ پیش رفت وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور حبیب بینک لمیٹڈ کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد نصیر سلیم کی سربراہی میں بینک کے وفد کے درمیان ہونے والے اجلاس میں سامنے آئی۔ اجلاس میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کے لیے مالی معاونت، ڈیجیٹل بینکاری، برآمدات میں سہولت اور اہم عالمی منڈیوں میں پاکستان کی تجارت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے دوران اتفاق کیا گیا کہ وزارتِ تجارت پاکستان کے اہم تجارتی شراکت داروں، جن میں بنگلہ دیش، چین، مالدیپ اور سری لنکا شامل ہیں، کے ساتھ تجارتی بینکاری اور مالی معاونت کے روابط مضبوط بنانے میں ایچ بی ایل کی مدد کرے گی۔
بیان کے مطابق اس طرح کا تعاون تجارتی لین دین کو آسان بنانے، بینکاری ذرائع تک رسائی بہتر کرنے اور ان منڈیوں کے ساتھ دوطرفہ تجارت میں اضافے میں مددگار ثابت ہوگا۔
جام کمال نے پاکستان کے بڑے غیر رسمی ایس ایم ای شعبے کو دستاویزی معیشت کا حصہ بنانے کی ضرورت پر زور دیا، تاکہ ادارہ جاتی مالی معاونت تک رسائی بہتر ہو، مصنوعات کا معیار بلند کیا جاسکے اور برآمدات میں مسابقتی صلاحیت مضبوط ہو۔ انہوں نے کہا کہ عالمی منڈیوں میں مقابلہ کرنے والے پاکستانی کاروباری اداروں کے لیے بین الاقوامی معیار کی پاسداری، معیار کی ضمانت اور مصنوعات کی ترسیل و تیاری کے مراحل کا سراغ لگانے کی صلاحیت تیزی سے اہمیت اختیار کررہی ہے۔
وفاقی وزیر نے کاروباری ضوابط آسان بنانے، لائسنس کے غیر ضروری اور دہرے تقاضے ختم کرنے اور سرمایہ کاری و صنعتی ترقی کی حوصلہ افزائی کے لیے غیر ضروری انتظامی رکاوٹیں کم کرنے سے متعلق حکومتی اقدامات کو بھی اجاگر کیا۔
ایچ بی ایل کے وفد نے ایس ایم ایز کی مالی معاونت، ڈیجیٹل مالیاتی خدمات اور غیر دستاویزی کاروباروں کو قرضوں کی فراہمی میں بینکوں کو درپیش مشکلات کے حوالے سے اپنی آرا پیش کیں۔ دونوں جانب سے مالیاتی سہولتوں تک رسائی بڑھانے، ڈیجیٹل لین دین کے فروغ اور معیشت کو زیادہ سے زیادہ دستاویزی بنانے کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر تجارت نے افریقا، جنوب مشرقی ایشیا اور مشرق وسطیٰ میں تجارت اور سرمایہ کاری کے ابھرتے ہوئے مواقع کو اجاگر کرتے ہوئے بتایا کہ وزارتِ تجارت پاکستان کی برآمدات میں تنوع لانے اور نئی منڈیوں کی نشاندہی کے لیے ملکوں اور شعبوں کی بنیاد پر مخصوص حکمت عملیاں تیار کررہی ہے۔
انہوں نے تجارتی مالی معاونت کی فراہمی، بین الاقوامی لین دین میں سہولت اور پاکستانی برآمد کنندگان کو بیرونِ ملک منڈیوں میں داخل ہونے اور اپنی تجارت وسعت دینے کے قابل بنانے میں بینکاری شعبے کے تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
اجلاس میں وزیراعظم کی جانب سے ایس ایم ایز کی ترقی، زراعت اور رہائش کے شعبوں پر توجہ اور ان ترجیحی شعبوں کی معاونت میں مالیاتی اداروں کے کردار پر بھی گفتگو ہوئی۔
اجلاس کے اختتام پر وزارتِ تجارت اور ایچ بی ایل کے درمیان رابطہ کاری مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا، تاکہ تجارت، سرمایہ کاری، ایس ایم ایز کی ترقی اور اہم عالمی منڈیوں کے ساتھ پاکستان کے تجارتی روابط کو فروغ دیا جاسکے۔


Comments