دہشتگردی کے خدشات دور کیے بغیر افغانستان سے معاشی شراکت داری ممکن نہیں، اسحاق ڈار
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پیر کو کہا کہ علاقائی تعاون کی جانب بامعنی پیشرفت کے لیے ضروری ہے کہ افغان حکام ہمسایہ ممالک کے دہشتگردی سمیت دیگر جائز سیکیورٹی خدشات دور کریں۔
اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی وزارتی کونسل کے 30 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ایک پُرامن، خوشحال اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے جو علاقائی تعاون کے نظام میں مکمل طور پر ضم ہو اور اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ امن و ہم آہنگی سے رہے۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کی پیشرفت نہ صرف افغان عوام بلکہ پورے خطے کے مفاد میں ہوگی اور اس سے تجارت، راہداری اور اقتصادی تعاون کے اہم مواقع پیدا ہوں گے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ علاقائی اقتصادی شراکت داریوں کے تسلسل کے لیے محفوظ اور مستحکم ماحول ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ علاقائی روابط کا انحصار صرف طبعی رابطوں پر نہیں بلکہ ریاستوں کے درمیان اعتماد اور اس یقین پر بھی ہے کہ بین الاقوامی وعدوں اور معاہدوں کی پاسداری کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ تنازعات کے حل نہ ہونے اور بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری نہ کرنے سے باہمی اعتماد کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور معاشی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں پیدا ہوسکتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دیرپا اقتصادی شراکت داریوں کیلئے پُرامن مذاکرات، بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کا احترام ناگزیر ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے پُرامن حل کا مسلسل حامی رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر اور دفتر خارجہ دوست ممالک اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ پُرامن حل کی راہ ہموار کرنے کے لیے مسلسل رابطے میں رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مذاکرات کے فروغ، کشیدگی میں کمی اور خطے میں پائیدار استحکام کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔
علاقائی اقتصادی روابط کو مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے اسحاق ڈار نے ای سی او کے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ اپنے جغرافیائی قربت کو بہتر علاقائی رابطوں اور اقتصادی تعاون میں تبدیل کریں تاکہ خطے کے عوام کی دیرپا خوشحالی یقینی بنائی جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان علاقائی تعاون کو خوشحالی، امن اور استحکام کے فروغ کا اہم ذریعہ سمجھتا ہے جس کی بنیاد خودمختار مساوات، باہمی احترام، عدم مداخلت اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون کے اصولوں پر ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ جغرافیائی سیاسی غیر یقینی صورتحال، معاشی دباؤ اور تیز رفتار تکنیکی تبدیلیوں کے تناظر میں علاقائی تعاون کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔
خطے کی جغرافیائی اہمیت اور اقتصادی استعداد کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے فعال ٹرانسپورٹ راہداریوں، سرحدی طریقہ کار کو آسان بنانے اور کاروباری سرگرمیوں میں سہولت کے لیے قابلِ اعتماد انتظامات کی ضرورت پر زور دیا۔
ای سی او کی صدارت کے حوالے سے پاکستان کی ترجیحات بیان کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان منڈیوں تک رسائی بڑھانے، علاقائی ویلیو چینز مضبوط بنانے اور تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں سمیت نجی شعبے کی زیادہ سے زیادہ شمولیت کی حوصلہ افزائی کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان وسطی ایشیا، جنوبی ایشیا اور بحیرہ عرب کے ساحل پر واقع پاکستانی بندرگاہوں کے درمیان نقل و حمل اور راہداری کے روابط بہتر بنانے کے لیے بھی رکن ممالک کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔
انہوں نے رکن ممالک کے درمیان مسلسل روابط اور مشاورت پر زور دیا تاکہ زیادہ مؤثر، جامع اور ڈیجیٹل سہولیات سے آراستہ علاقائی تجارتی نظام تشکیل دیا جاسکے۔ انہوں نے موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھانے اور انسانی ترقی کے شعبوں میں تعاون کی اہمیت بھی اجاگر کی۔
اسحاق ڈار نے ای سی او چارٹر سے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تنظیم کو علاقائی تعاون کے فروغ اور رکن ممالک کی مشترکہ امنگوں کو آگے بڑھانے کا اہم پلیٹ فارم قرار دیا۔


Comments