شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، دو جوان شہید، 16 دہشتگرد ہلاک
- یہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز شمالی وزیرستان کے علاقوں میر علی، دتہ خیل اور علی خیل میں کئے گئے، آئی ایس پی آر
سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 16 خوارج کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے شدید تبادلے میں پاک فوج کے دو جوانوں نے جام شہادت نوش کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز شمالی وزیرستان کے علاقوں میر علی، دتہ خیل اور علی خیل میں کئے گئے۔
بیان میں کہا گیا کہ علی خیل میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران دو افغان شہریوں سمیت 12 دہشت گرد ہلاک ہوئے جب کہ میر علی اور دتہ خیل میں دو، دو دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر نے ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کی شناخت بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کے ارکان کے طور پر کی۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے مابین ہونے والی فائرنگ کے تبادلے میں حوالدار عصمت علی اور نائیک آفتاب علی نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ ہلاک ہونے والے دہشت گرد مبینہ طور پر متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں جن میں شہریوں پر حملے بھی شامل ہیں میں ملوث تھے۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے دیگر ممکنہ خوارج کے مکمل خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے عزم ظاہر کیا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے عزم استحکام کے تحت تمام کارروائیاں پوری رفتار اور عزم صمیم کے ساتھ جاری رہیں گی تاکہ وطن کے دفاع اور امن کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جا سکے۔
صدر اور وزیراعظم کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں کارروائیوں کے دوران 16 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان میں کامیاب سکیورٹی آپریشن کے دوران 16 خوارج کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عزمِ استحکام کے تحت آخری دہشت گرد کے خاتمے تک پوری طاقت سے کارروائیاں جاری رہیں گی۔
صدر مملکت نے جام شہادت نوش کرنے والے بہادر جوانوں کے اہل خانہ سے تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتی ہے، شمالی وزیرستان میں جامِ شہادت نوش کرنے والے حوالدار عصمت علی اور نائیک آفتاب علی کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو شمالی وزیرستان میں مثالی دھول چٹائی گئی ہے۔
صدرمملکت نے کہا کہ غیر ملکی سرپرستی میں جاری دہشت گردی کے خلاف کامیابی سے جاری عزمِ استحکام کے تحت آخری دہشت گرد کے خاتمے تک پوری طاقت سے کارروائیاں جاری رہیں گی
وزیراعظم شہبازشریف نے شمالی وزیرستان کے علاقوں میر علی، دتہ خیل اور گردونواح میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کے 16 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے آپریشن کے دوران وطنِ عزیز کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ضلع صوابی سے تعلق رکھنے والے حوالدار عصمت علی اور ضلع مردان سے تعلق رکھنے والے نائیک آفتاب علی کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
وزیراعظم نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے بہادر جوانوں کی عظیم قربانیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور ملک کے امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور کامیابیاں قابلِ تحسین ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ پوری قوت، عزم اور ثابت قدمی سے جاری رہے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ عزمِ استحکام کے وژن کے تحت دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پوری قوم اور تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔


Comments