ٹرمپ، شی اور پیوٹن کی چین میں تاریخی سہ فریقی ملاقات ہوگی، وائٹ ہاؤس
- تینوں رہنما چین کے جنوبی شہر میں ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (اے پیک) سربراہی اجلاس کے موقع پر ملاقات کریں گے
وائٹ ہاؤس نے جمعہ کو بتایا کہ ڈونلڈ ٹرمپ، ولادیمیر پیوٹن اور شی جن پنگ آئندہ ہفتے چین کے شہر شینزن میں ہونے والی سربراہی کانفرنس کے موقع پر امریکہ، روس اور چین کے رہنماؤں کے درمیان پہلی سہ فریقی ملاقات کریں گے۔
امریکی حکام کے مطابق، ٹرمپ جمعرات کو ہونے والے سہ فریقی مذاکرات میں جوہری ہتھیاروں کے ذخائر میں کمی کے معاملے پر بات کرنا چاہتے ہیں اور ایران کے خلاف اپنی جنگ کا معاملہ بھی اٹھانے والے ہیں، تاہم ان کی جانب سے یوکرین میں روس کی جنگ پر گفتگو متوقع نہیں ہے۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان اولیویا ویلز نے صحافیوں کو بتایا کہ تینوں رہنما جنوبی چین کے شہر شینزن میں ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (اے پیک) سربراہی اجلاس کے موقع پر ملاقات کریں گے۔
ویلز نے کہا کہ صدر نے واضح کردیا ہے کہ دیگر امور کے علاوہ وہ دنیا بھر میں جوہری ہتھیاروں میں کمی کے معاملے پر بھی بات کریں گے۔ صدر ٹرمپ کے خیال میں جوہری ہتھیاروں کا یہ پھیلاؤ انتہائی خطرناک ہے۔
امریکی حکام کے مطابق ٹرمپ کی دوسری صدارتی مدت کے دوران اہمیت اختیار کرنے والے بڑے تنازعات میں سے ایک اس ملاقات میں زیرِ بحث آئے گا جبکہ دوسرا ایجنڈے میں شامل نہیں ہوگا۔
امریکی انتظامیہ کے ایک سینئر عہدیدار نے صحافیوں کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو میں نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ میرا خیال ہے کہ صدر ٹرمپ، شی جن پنگ اور ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ سہ فریقی ملاقات میں ایران کا معاملہ اٹھانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
عہدیدار نے مزید کہا کہ یوکرین میں جنگ کے خاتمے کے لیے واشنگٹن کی کیف اور ماسکو کے ساتھ مذاکرات کا ایک مکمل طور پر الگ سلسلہ جاری ہے۔ ان کا اشارہ ان مذاکرات کی جانب تھا جو حالیہ دنوں میں امریکی خصوصی ایلچیوں نے روسی صدر پیوٹن اور یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کے ساتھ کیے ہیں۔
عہدیدار نے مزید کہا کہ چین دراصل ان مذاکراتی عمل کا حصہ نہیں ہے، اس لیے وہاں یوکرین کے معاملے پر بات کرنا مناسب معلوم نہیں ہوتا۔


Comments