کوپ 31، ترکیہ کی نئے موسمیاتی معاہدے کے لیے کوششیں، عالمی رہنما خطاب کرینگے
- تقریباً 200 ممالک کے مندوبین بحیرہ روم کے ساحلی شہر انطالیہ میں جمع ہیں
ترکیہ میں اقوام متحدہ کی موسمیاتی کانفرنس (کوپ 31) کے موقع پر عالمی رہنما بدھ کو ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق اپنی ترجیحات کا اعلان کریں گے، جبکہ مذاکرات کار عالمی توانائی میں بجلی کے استعمال کا تناسب بڑھانے اور فوسل فیولز پر انحصار ختم کرنے کی کوششوں کو دوبارہ فعال بنانے کے لیے اتفاق رائے کی کوشش کر رہے ہیں۔
تقریباً 200 ممالک کے مندوبین بحیرہ روم کے ساحلی شہر انطالیہ میں جمع ہیں، جہاں عالمی گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں کمی کے آثار نظر نہیں آرہے۔ دوسری جانب جنگوں، مہنگائی اور دیگر عالمی بحرانوں کے باعث موسمیاتی تبدیلی سیاسی توجہ کا مرکز نہیں رہی۔
اقوام متحدہ کی گزشتہ ماہ جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق دنیا پیرس معاہدے کے تحت مقرر کردہ عالمی درجہ حرارت میں اضافے کو 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک محدود رکھنے کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔
کانفرنس کے شیڈول کے مطابق برازیل کے صدر لوئیز اناسیو لولا دا سلوا، یورپی کمیشن کی صدر ارسولا وان ڈیر لیین، چین کے نائب صدر ہان ژینگ اور جزائر مارشل کی صدر ہلڈا ہین بدھ کو خطاب کریں گے۔ امریکا مسلسل دوسرے سال کانفرنس میں شریک نہیں ہوا۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2025 میں اقتدار میں واپسی کے بعد امریکا کو موسمیاتی تعاون سے الگ کرلیا تھا۔
کانفرنس کے میزبان ترکیہ نے 2035 تک عالمی توانائی کی کھپت میں بجلی کا حصہ موجودہ 20 فیصد سے بڑھا کر 35 فیصد کرنے کی تجویز پیش کی ہے، تاہم اس منصوبے میں بجلی کی پیداوار کے لیے صاف توانائی کے ذرائع لازمی قرار نہیں دیے گئے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ممالک پر زور دیا ہے کہ کوئلے، تیل اور گیس جیسے فوسل فیولز سے منتقلی کے لیے واضح ٹائم لائن مقرر کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل کو مزید مؤخر نہیں کیا جاسکتا۔


Comments