ٹرمپ کی پیوٹن کے ایلچی سے ملاقات، یوکرین جنگ کے خاتمے کیلئے جلد معاہدے کی امید کا اظہار
- امریکی وفد 10 اور 11 نومبر کو ابوظبی میں روس اور یوکرین کے نمائندوں کے درمیان مذاکرات میں ثالثی کرے گا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہوں نے جمعرات کو روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے خصوصی ایلچی کریل دمترییف سے وائٹ ہاؤس میں نجی ملاقات کی، جس میں یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے ممکنہ معاہدے پر بات چیت ہوئی۔ ٹرمپ نے ملاقات کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا، تاہم پیش گوئی کی کہ جنگ کے خاتمے کے لیے جلد معاہدہ طے پا سکتا ہے۔
وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ یوکرین جنگ اپنے اختتام کے قریب ہے اور اس کے حل کے لیے ہونے والا معاہدہ صرف یوکرین تک محدود نہیں ہوگا بلکہ اس میں پورا یورپ بھی شامل ہو سکتا ہے۔ ان کے مطابق یہ ایک بڑا معاہدہ ہوگا جس سے تمام فریق خوش ہوں گے۔
امریکی وفد 10 اور 11 نومبر کو ابوظبی میں روس اور یوکرین کے نمائندوں کے درمیان مذاکرات میں ثالثی کرے گا۔ ٹرمپ نے واضح کیا کہ انہوں نے جمعرات کو یوکرینی وفد سے ملاقات نہیں کی۔
ادھر ٹرمپ کے خصوصی ایلچی جیرڈ کشنر نے کہا کہ امریکی حکام نے برسلز میں یوکرین، نیٹو اور یورپی شراکت داروں کے ساتھ سکیورٹی ضمانتوں اور یورپی سلامتی کے وسیع تر نظام پر نتیجہ خیز بات چیت کی ہے۔
یہ پیش رفت وائٹ ہاؤس میں امریکی خاتون اول میلانیا ٹرمپ کی جانب سے روس اور یوکرین کے نمائندوں کو ایک تقریب میں اکٹھا کرنے کے بعد سامنے آئی۔ تقریب کا مقصد روس کے زیرِ کنٹرول یوکرینی شہر اولیشکی میں چھ روزہ جنگ بندی کی یاد منانا تھا، جس کے قیام میں میلانیا ٹرمپ نے کردار ادا کیا تھا۔ جنگ بندی اتوار کو ختم ہو گئی تھی۔
میلانیا ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے جنگ بندی کی منصوبہ بندی کے ہر مرحلے میں حصہ لیا۔ دونوں ممالک کے نمائندوں نے ان کی امن کوششوں کو سراہتے ہوئے انہیں تحائف بھی پیش کیے۔


Comments