امریکی وسط مدتی انتخابات کے نتائج کا انتظار، خام تیل کی قیمتوں میں کمی
- برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودے 26 سینٹ یا 0.25 فیصد کمی کے بعد 103.34 ڈالر فی بیرل پر آگئے
عالمی منڈی میں بدھ کو ابتدائی کاروبار کے دوران خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، کیونکہ سرمایہ کار مشرق وسطیٰ میں امن مذاکرات پر امریکی وسط مدتی انتخابات کے ممکنہ اثرات کے منتظر ہیں، تاہم امریکی خام تیل کے ذخائر میں غیر متوقع کمی نے قیمتوں کو سہارا دیا۔
عالمی بینچ مارک برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودے 26 سینٹ یا 0.25 فیصد کمی کے بعد 103.34 ڈالر فی بیرل پر آگئے، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت 53 سینٹ یا 0.55 فیصد کمی سے 95.56 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
گزشتہ کاروباری سیشن کے دوران برینٹ خام تیل کی قیمت ایک فیصد سے زائد گر کر تقریباً 4 ہفتوں کی کم ترین سطح پر آگئی تھی۔ سرمایہ کار یوکرین اور ایران کی جنگیں ختم کرنے کے لیے جاری مذاکرات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
امریکی وسط مدتی انتخابات کے نتائج کی گنتی جاری ہے، جن سے یہ طے ہوگا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ریپبلکن جماعت کانگریس پر اپنا کنٹرول برقرار رکھ سکے گی یا نہیں۔ دوسری جانب قطر نے امریکا اور اسرائیل کی ایران کے ساتھ جنگ ختم کرنے کے لیے ثالثی کی کوششیں تیز کردی ہیں۔
رائٹرز کے مطابق ایک سینئر ایرانی عہدیدار نے کہا ہے کہ جنگ کے خاتمے کے لیے ایران اور امریکا کے درمیان معاہدہ ابھی دور ہے۔ امریکی حکام کے مطابق امریکی افواج نے ایران کے جزیرے قشم پر دفاعی حملے کیے، تاہم ان حملوں کو محدود قرار دیا گیا ہے۔
دریں اثنا امریکی پیٹرولیم انسٹی ٹیوٹ کے اعدادوشمار کے مطابق 30 اکتوبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں خام تیل کے ذخائر 52 لاکھ 70 ہزار بیرل کم ہوئے، جبکہ تجزیہ کاروں نے 8 لاکھ 80 ہزار بیرل اضافے کی توقع ظاہر کی تھی۔ سرکاری اعدادوشمار بدھ کو جاری کیے جائیں گے۔


Comments