سنگاپور کے وزیر خارجہ کل پاکستان کا دورہ کریں گے، دفتر خارجہ
- دورے کے دوران ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن کی پاکستانی قیادت سے بھی ملاقاتیں طے
سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی دعوت پر 30 اکتوبر (کل) کو اسلام آباد کا دورہ کریں گے۔
یہ دورہ پاکستان اور سنگاپور کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 60ویں سالگرہ کے موقع پر ہو رہا ہے جبکہ سنگاپور 2027 میں جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم (آسیان) کی سربراہی سنبھالنے کی تیاری بھی کررہا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق دورے کے دوران اسحاق ڈار اور ویوین بالاکرشنن کے درمیان دوطرفہ مذاکرات ہوں گے جن میں دونوں ممالک کے تعلقات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
اس موقع پر پاکستان کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور سنگاپور کی سول ڈیفنس فورس (ایس سی ڈی ایف) کے درمیان آفات سے نمٹنے کے شعبے میں تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت کا بھی تبادلہ کیا جائے گا۔
دورے کے دوران ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن کی پاکستانی قیادت سے ملاقاتیں بھی طے ہیں۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور سنگاپور کے درمیان باہمی احترام اور دیرینہ دوستی پر مبنی خوشگوار تعلقات قائم ہیں۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور اس کا دائرہ وسیع کرنے کے مشترکہ عزم کا عکاس ہے۔


Comments