تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی: پاکستان اور بحرین کا تعاون کو مزید گہرا کرنے پر اتفاق
- دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ وزارتی کمیشن باہمی تعلقات کو نئی تقویت دے گا، شہباز شریف
پاکستان اور بحرین نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور انسانی وسائل کی ترقی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ وزارتی کمیشن باہمی تعلقات کو نئی تقویت دے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف بحرین کے وزیر خارجہ عبداللطیف بن راشد الزیانی سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے جو پاکستان اور بحرین کے مشترکہ وزارتی کمیشن (جے ایم سی) کے تیسرے اجلاس کی مشترکہ صدارت کے لیے اسلام آباد کے دورے پر ہیں۔ اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی شریک ہیں۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق دونوں جانب سے علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور باہمی دلچسپی کے امور پر مسلسل مشاورت اور رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
بیان کے مطابق بحرین کے وزیر خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار اور ثالثی کی کوششوں کو سراہا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے، خصوصاً تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور انسانی وسائل کی ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر توجہ دی جائے گی۔
انہوں نے بحرین کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ مشترکہ اقدار، باہمی اعتماد اور عوامی سطح پر قریبی روابط پر استوار ہیں۔
وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ مشترکہ وزارتی کمیشن کا تیسرا اجلاس دونوں ممالک کے درمیان کثیرالجہتی تعلقات کو مزید وسعت دینے میں معاون ثابت ہوگا۔


Comments