امریکا مضبوط یورپ چاہتا ہے، مارکو روبیو
- امریکی وزیر خارجہ کے یونان میں توانائی، دفاع اور ثقافتی امور پر مذاکرات
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ واشنگٹن مضبوط یورپی اتحادی اور شراکت دار چاہتا ہے، کیونکہ یورپی ممالک جتنے مضبوط ہوں گے، نیٹو بھی اتنا ہی مضبوط ہوگا۔
یونان سے پرتگال روانگی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ نیٹو کے ارکان کو سماجی، معاشی اور عسکری سطح پر مضبوط ہونا چاہیے۔ انہوں نے یورپ پر زور دیا کہ وہ اپنی ’’طویل غفلت‘‘ سے نکلے، کیونکہ مغربی تہذیب اس وقت ایک اہم دوراہے پر کھڑی ہے۔
مارکو روبیو نے بدھ کو یونان میں توانائی، دفاع اور ثقافتی امور پر مذاکرات کیے جبکہ منشیات کی اسمگلنگ اور دہشت گردی سے متعلق معلومات کے تبادلے کے مشترکہ معاہدے کا بھی اعلان کیا۔
ٹرمپ انتظامیہ نیٹو ممالک پر دفاعی اخراجات بڑھانے اور اپنی سلامتی کی زیادہ ذمہ داری خود اٹھانے کے لیے مسلسل زور دیتی رہی ہے۔ جون 2025 میں نیٹو ارکان نے 2035 تک جی ڈی پی کا 5 فیصد دفاع پر خرچ کرنے کا عزم کیا تھا۔
امریکی وزیر خارجہ نے جرمنی سمیت بعض ممالک کی دفاعی کوششوں کو سراہا، تاہم کہا کہ کچھ ممالک اب بھی پیچھے ہیں۔


Comments