روسی فضائی حملے، کیف کا سدرن برج ایک بار پھر نشانہ بن گیا
- کیف کے حکام کے مطابق سدرن برج اور ایک اور پل، پیٹن برج، پر دونوں سمتوں میں ٹریفک بند کردی گئی اور ٹریفک کو متبادل راستوں کی جانب موڑ دیا گیا
یوکرین کے دارالحکومت کیف کے سدرن برج پر روسی فضائی حملے دوبارہ کیے گئے ہیں۔ کیف کے میئر وٹالی کلیچکو نے جمعہ کو ٹیلی گرام پر بتایا کہ روسی حملوں میں ایک بار پھر سدرن برج کو نشانہ بنایا گیا۔
جمعرات کو روسی ڈرونز نے کیف کے ایک اسکول اور دریائے دنیپرو پر واقع سدرن برج کو نشانہ بنایا تھا، جس کے نتیجے میں دارالحکومت میں آگ بھڑک اٹھی۔ ماسکو کی جانب سے یوکرین پر تقریباً روزانہ اور چوبیس گھنٹے جاری رہنے والے حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔
کیف کے حکام کے مطابق سدرن برج اور ایک اور پل، پیٹن برج، پر دونوں سمتوں میں ٹریفک بند کردی گئی اور ٹریفک کو متبادل راستوں کی جانب موڑ دیا گیا۔
کلیچکو نے بتایا کہ کیف میں ایک رہائشی عمارت کی بالائی منزلوں میں بھی آگ لگ گئی، جبکہ شہر کے ایک اور حصے اور سدرن برج کو نقصان پہنچا۔
دوسری جانب روس کے شہر وولگوگراڈ میں یوکرینی ڈرون حملوں سے صنعتی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جس سے آگ بھڑک اٹھی اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔


Comments