اسرائیلی حملوں کا ’مناسب‘ جواب دیا جائے گا، حزب اللہ
- ہفتے کے روز جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملوں میں کم از کم 9 افراد جاں بحق ہوگئے، لبنانی سرکاری خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ
حزب اللہ نے ہفتے کے روز جنوبی لبنان میں مہلک اسرائیلی حملوں کے بعد کہا ہے کہ لبنان پر اسرائیلی حملوں کا ’’مناسب‘‘ جواب دیا جائے گا۔ گروپ نے لبنانی حکام پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ ’’ذلت آمیز‘‘ مذاکرات کا سلسلہ ختم کریں۔
حزب اللہ نے ایک بیان میں کہا، ’’اسرائیل کو واضح طور پر سمجھ لینا چاہیے کہ اس کے حملے، خلاف ورزیاں اور زمینی حقائق مسلط کرنے کی کوششیں جاری نہیں رہ سکتیں اور ان کا مناسب جواب دیا جائے گا۔‘‘ گروپ نے مزید کہا کہ لبنانی حکام کو ’’ذلت آمیز راستے پر براہِ راست مذاکرات جاری رکھنے اور دشمن کو مفت میں رعایتیں دینے‘‘ پر اصرار نہیں کرنا چاہیے۔
اس سے قبل لبنانی صدر جوزف عون نے کہا تھا کہ ہفتے کے روز جنوبی لبنان پر اسرائیلی حملے دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کے حوالے سے ’’واضح پیغام‘‘ ہیں۔ یہ بیان اگلے ماہ کے اوائل میں روم میں امریکا کی سرپرستی میں ہونے والے مذاکرات کے اگلے دور سے قبل سامنے آیا۔
عون نے جنوب میں ’’جاری اسرائیلی حملوں‘‘ اور ’’فریم ورک معاہدے کی بار بار خلاف ورزیوں اور شہریوں کے تحفظ سے متعلق بین الاقوامی قوانین‘‘ کی مذمت کی۔ ان کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق ان حملوں کے نتیجے میں انصار گاؤں میں ایک پورا خاندان جاں بحق ہوا۔ بیان میں کہا گیا کہ ’’یہ خلاف ورزیاں مذاکراتی عمل کے حوالے سے ایک واضح پیغام ہیں۔‘‘
لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق ہفتے کے روز جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملوں میں کم از کم 9 افراد جاں بحق ہوئے۔
اسرائیل لبنان کے ساتھ ’’زیادہ سنجیدہ‘‘ مذاکرات کا خواہاں
اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کے ترجمان نے کہا ہے کہ حزب اللہ کے خلاف مہلک حملے کرنے کے بعد اسرائیل لبنان کے ساتھ امریکا کی ثالثی میں نئے اور زیادہ وسیع مذاکرات چاہتا ہے۔
نیتن یاہو کے ترجمان ڈورون اسپیل مین نے اے ایف پی کو بتایا کہ حزب اللہ کے خلاف اسرائیلی حملوں کا مقصد ’’مذاکرات کا آغاز کرنا اور انہیں مزید سنجیدہ بنانا ہے، نہ کہ اس کے برعکس۔‘‘
انہوں نے کہا، ’’مجھے یقین ہے کہ ایسا ہی ہوگا۔ امید ہے کہ اس سے مذاکرات آگے بڑھیں گے کیونکہ یہاں دشمن واضح ہے اور وہ حزب اللہ ہے۔‘‘
اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس نے یہ حملے اس وقت کیے جب حزب اللہ نے جنوبی لبنان کے اندر اس علاقے میں حملہ کیا جسے اسرائیل سکیورٹی زون قرار دیتا ہے۔ وزیراعظم نیتن یاہو کے دفتر کے مطابق اس حملے میں تین اسرائیلی فوجی شدید زخمی ہوئے تھے۔


Comments