ایم ایل ون ریلوے منصوبے کیلئے جائیکا سے مالی معاونت کی درخواست
- وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ اور جائیکا کے صدر ڈاکٹر تاناکا اکی ہیکو کے درمیان ملاقات
حکومت نے اربوں ڈالر کے مین لائن-1 (ایم ایل ون) ریلوے منصوبے کی مشترکہ مالی معاونت کے لیے جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کو دعوت دی ہے جس کا مقصد پاکستان اور جاپان کے درمیان ترقیاتی تعاون کو مزید فروغ دینا ہے۔
بدھ کو جاری ہونے والے ایک سرکاری بیان کے مطابق یہ پیشرفت وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ اور جائیکا کے صدر ڈاکٹر تاناکا اکی ہیکو کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد سامنے آئی جس میں دوطرفہ ترقیاتی تعاون کو مضبوط بنانے اور پاکستان کے ترجیحی شعبوں کے لیے جائیکا کی معاونت بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر تاناکا اکی ہیکو ایک اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ تھے۔
وفاقی وزیر نے جائیکا کے صدر اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ جائیکا کی طویل مدتی شراکت داری کو سراہا اور گزشتہ سات دہائیوں کے دوران ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں جائیکا کے نمایاں کردار کو تسلیم کیا۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے لیے جاپان کی سرکاری ترقیاتی معاونت جس کی مالیت تقریباً 11.7 ارب ڈالر ہے توانائی، ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے، صنعت، زراعت، آبی وسائل، صحت، تعلیم اور سکیورٹی سمیت اہم شعبوں کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی رہی ہے۔
ملاقات کے دوران احد چیمہ نے جائیکا کو ایم ایل ون منصوبے کی مشترکہ مالی معاونت پر غور کرنے کی دعوت دی اور بتایا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک سمیت دیگر ترقیاتی شراکت دار پہلے ہی اس اہم منصوبے کی معاونت کررہے ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ ایم ویل ون کی جدید کاری سے پاکستان کا ٹرانسپورٹ نیٹ ورک مضبوط ہوگا، تجارت کو فروغ ملے گا، صنعتی رابطوں میں بہتری آئے گی اور پائیدار اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا ہوگا۔
ڈاکٹر تاناکا نے منصوبے کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ جائیکا اس تجویز پر غور کرے گی۔
ایم ایل-1 سی پیک کے تحت ریلوے کی جدید کاری کا ایک اہم منصوبہ ہے جس کا مقصد پاکستان ریلوے کی موجودہ مرکزی ریلوے لائن کو اپ گریڈ کرنا ہے۔
ملاقات کے دوران احد چیمہ نے پاکستان کے انسانی سرمائے کو بہتر بنانے اور ملکی و بین الاقوامی لیبر مارکیٹ کی بدلتی ہوئی ضروریات پوری کرنے کے لیے ہنرمند افرادی قوت کی ترقی میں سرمایہ کاری کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
جائیکا کے سربراہ نے اس تجویز کی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جائیکا مستقبل کے منصوبوں میں اس اقدام کو شامل کرنے پر غور کرتے ہوئے اس شعبے میں پاکستان کی معاونت کرے گا۔
ڈیجیٹل معیشت کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے پاکستان کے دیہی علاقوں میں انٹرنیٹ کے بنیادی ڈھانچے کو اپ گریڈ کرنے کے لیے جائیکا سے معاونت طلب کی تاکہ ڈیجیٹل رابطوں کو بہتر بنایا جا سکے اور فری لانسرز، کاروباری افراد اور ای کامرس سے وابستہ کاروباروں کے لیے مزید مواقع پیدا ہوں۔ ڈاکٹر تاناکا نے اس تجویز کو سراہا اور اس کی جامع معاشی ترقی میں کردار ادا کرنے کی صلاحیت کو تسلیم کیا۔
احد چیمہ نے مزید جائیکا سے بڑے ترقیاتی منصوبوں کے لیے فیزیبلٹی اسٹڈیز کرانے میں معاونت کی درخواست کی اور کہا کہ اعلیٰ معیار کی منصوبہ بندی و تیاری سرمایہ کاری راغب کرنے اور منصوبوں پر کامیاب عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے نہایت اہم ہے۔
جائیکا کے صدر نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ فیزیبلٹی اسٹڈیز جائیکا کی بنیادی مہارتوں میں شامل ہیں اور اس سلسلے میں حکومتِ پاکستان کی معاونت کے لیے ادارے کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
وفاقی وزیر نے پاکستان کے سیاحت کے شعبے کے فروغ پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس شعبے میں تعاون بڑھانے سے ثقافتی سیاحت کو فروغ دینے اور پاکستان اور جاپان کے عوام کے درمیان روابط مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ ڈاکٹر تاناکا نے تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ جائیکا اس پر مناسب غور کرے گا۔
دونوں فریقوں نے پاکستان اور جاپان کے درمیان ترقیاتی تعاون کو مزید وسعت دینے کے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا اور قریبی رابطہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔


Comments