کاروباری شخصیت کا الشہیر کارپوریشن میں کنٹرولنگ حصص خریدنے کا منصوبہ
- مجوزہ لین دین کا انحصار ریگولیٹری منظوریوں سے مشروط ہے
یونیٹی پیکجز اور یونیٹی فیڈز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے سی ای او محمد فرخ نے پاکستان کی ایک بڑی گوشت برآمد کنندہ کمپنی آل شہیر کارپوریشن لمیٹڈ (اے ایس سی) میں اکثریتی حصص حاصل کرنے اور اس کا کنٹرول سنبھالنے کے اپنے ارادے کا اعلان کیا ہے۔ یہ کمپنی حلال گوشت کی مختلف مصنوعات کی تجارت میں مصروف ہے جن میں مٹن، بیف، چکن اور مچھلی شامل ہیں۔
اس پیشرفت کا انکشاف منگل کو سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں جمع کرائے گئے ایک عوامی اعلان کے ذریعے کیا گیا۔
اس مجوزہ لین دین جس کا انتظام اے کے ڈی سیکیورٹیز لمیٹڈ کررہی ہے کا انحصار ریگولیٹری منظوریوں سے مشروط ہے جس میں ایس ای سی پی کے فٹ اینڈ پراپر معیار کے تحت کلیئرنس بھی شامل ہے۔
اس مجوزہ حصول کے تحت محمد فرخ ایک شیئر پرچیز ایگریمنٹ کے ذریعے آل شہیر کے 20 کروڑ 6 لاکھ (200.60 ملین) عام حصص خریدنے کا ارادہ رکھتے ہیں جو کمپنی میں 53.5 فیصد حصص کی نمائندگی کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ کمپنی کے مزید 6 کروڑ 46 لاکھ 90 ہزار (64.69 ملین) حصص جو کہ کمپنی کے جاری کردہ شیئر کیپیٹل کا 17.25 فیصد بنتے ہیں حاصل کرنے کے لیے ایک لازمی عوامی پیشکش کرنے کا بھی ارادہ رکھتے ہیں۔
آل شہیر کارپوریشن لمیٹڈ کی بنیاد ابتدائی طور پر 2008 میں ایک شراکت داری کے تحت رکھی گئی تھی جس کے تحت کراچی کے گڈاپ ٹاؤن میں مذبح خانہ قائم کیا گیا۔ اسے باضابطہ طور پر 2012 میں کالعدم کمپنی آرڈیننس 1984 کے تحت ایک کمپنی کے طور پر رجسٹر کیا گیا اور بعد ازاں 2015 میں یہ کمپنی پبلک لمیٹڈ بن گئی۔
ستمبر 2022 میں آل شہیر کارپوریشن بیف مصنوعات کی فراہمی کے لیے میکڈونلڈز پاکستان کے ساتھ کاروباری معاہدہ کرنے والی پہلی مقامی کمپنی بن گئی۔ یہ مصنوعات لاہور میں واقع کمپنی کی فروزن فوڈ تنصیب سے فراہم کی جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ کمپنی نے ہارٹیز کے ساتھ بھی برگر پیٹیز کی فراہمی کے معاہدے کیے ہیں۔
فائلنگ کے مطابق محمد فرخ پاکستان کے خوردنی اشیاء کے شعبے میں 22 سال سے زائد کا تجربہ رکھتے ہیں جس میں چاول، گندم، آٹا، مصالحہ جات، نمک اور دیگر بنیادی اشیاء کی پروسیسنگ اور تجارت شامل ہے۔ وہ کئی نجی کمپنیوں میں بھی دلچسپی رکھتے ہیں جن میں یونیٹی پیکجز (پرائیویٹ) لمیٹڈ، یونیٹی فیڈز (پرائیویٹ) لمیٹڈ اور کائیروس ریسورسز (پرائیویٹ) لمیٹڈ شامل ہیں۔
فائلنگ کے مطابق محمد فرخ فی الحال آل شہیر کے 5.5 ملین (55 لاکھ) حصص یعنی کمپنی کا 1.47 فیصد حصہ رکھتے ہیں جبکہ ان کے ساتھ مل کر کام کرنے والے افراد فہمیدہ امین اور صالحہ فرخ کے پاس بالترتیب 10.51 فیصد اور 0.01 فیصد حصص ہیں۔
نوٹس کے مطابق اس مجوزہ حصول کی تکمیل کا انحصار لین دین کی حتمی شرائط، حتمی معاہدوں پر دستخط اور تمام درکار ریگولیٹری اور کارپوریٹ منظوریوں کے حصول پر ہوگا۔


Comments