ڈیجیٹل ٹیکس لگانے والے ممالک کو 100 فیصد ٹیرف کا سامنا کرنا پڑے گا، ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ جو بھی ملک امریکی کمپنیوں پر ڈیجیٹل سروسز ٹیکس عائد کرے گا، اس کی تمام مصنوعات پر 100 فیصد ٹیرف لگایا جائے گا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں کہا کہ متعدد یورپی ممالک امریکی کمپنیوں پر ڈیجیٹل سروسز ٹیکس کے فوری نفاذ پر غور کررہے ہیں اور ان میں سے بعض ممالک اس اقدام پر عملی طور پر عمل درآمد کے قریب پہنچ چکے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ اس بیان کو باضابطہ اطلاع سمجھا جائے کہ جو بھی ملک ایسا ٹیکس نافذ کرے گا، اس کی جانب سے امریکہ بھیجی جانے والی ہر قسم کی مصنوعات پر فوری طور پر 100 فیصد ٹیرف عائد کر دیا جائے گا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ یہ نیا ٹیرف امریکہ کے ساتھ ہونے والے کسی بھی تجارتی معاہدے پر فوقیت رکھے گا، چاہے وہ معاہدہ نافذ ہوچکا ہو، اس پر دستخط ہوچکے ہوں یا نہیں۔
اس میں وہ معاہدہ بھی شامل ہوگا جس پر امریکہ اور یورپی یونین نے گزشتہ سال اتفاق کیا تھا جس کے تحت یورپی اشیاء پر امریکی ٹیرف کی حد 15 فیصد مقرر کی گئی تھی اور اس کے بدلے میں یورپی یونین کے ممالک کو امریکی صنعتی اشیاء پر ٹیرف صفر فیصد تک لانا تھا۔
تاہم معاہدے کے تحت یورپی یونین کے وعدوں کو پورا کرنے کے لیے طویل قانون سازی کے عمل نے ٹرمپ کو یورپ سے درآمدات پر، بشمول گاڑیوں کے25 فیصد ٹیرف دوبارہ عائد کرنے کی دھمکی دینے پر اکسایا۔ اس کے بعد یورپی یونین کے قانون سازوں نے 4 جولائی تک ان تبدیلیوں کو نافذ کرنے کے لیے ٹرمپ کی دی گئی ڈیڈ لائن کو پورا کرنے کی ہنگامی کوشش کی۔
فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے گزشتہ ہفتے جی 7 سربراہی اجلاس میں ٹرمپ سے ملاقات سے قبل کہا تھا کہ فرانس ان کے دباؤ میں نہیں آئے گا اور امریکی ٹیک کمپنیوں پر عائد اپنا ڈیجیٹل ٹیکس ختم نہیں کرے گا۔ جن ڈیجیٹل خدمات پر یہ ٹیکس عائد کیا جاتا ہے ان میں آن لائن مارکیٹ پلیسز اور اشتہارات شامل ہیں۔
فرانس میں سربراہی اجلاس کے لیے روانہ ہونے سے قبل ٹرمپ نے خبردار کیا تھا کہ امریکہ کے پاس فرانسیسی شراب (وائن) پر 100 فیصد ٹیرف لگانے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہوگا، جب تک کہ پیرس اپنا ڈیجیٹل ٹیکس ختم نہ کر دے۔
فرانس 2019 سے ان کمپنیوں پر جن کی ملک میں آمدنی 2.5 کروڑ یورو سے زیادہ اور دنیا بھر میں 75 کروڑ یورو (85 کروڑ 40 لاکھ 20 ہزار ڈالر) سے زیادہ ہے، فرانس میں ڈیجیٹل خدمات سے حاصل ہونے والی آمدنی پر 3 فیصد لیوی (ٹیکس) عائد کر چکا ہے۔ گزشتہ سال فرانسیسی قانون سازوں نے اس ٹیکس کو بڑھا کر 6 فیصد کرنے کی تجویز دی تھی۔
امریکی تجارتی نمائندے کے دفتر نے طویل عرصے سے فرانس، برطانیہ، آسٹریا، اسپین اور دیگر یورپی ممالک کو دھمکی دی ہے کہ اگر انہوں نے ڈیجیٹل سروسز ٹیکس نافذ کیا تو وہ جوابی ٹیرف لگائیں گے ۔


Comments