گردشی قرضہ منصوبہ: او جی ڈی سی ایل کو آخری ادائیگی موصول
- سود کی مد میں مجموعی طور پر 92 ارب روپے وصول ہوچکے ہیں، کمپنی
آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (اوجی ڈی سی ایل) نے بدھ کو بتایا کہ اسے پاور ہولڈنگ (پرائیویٹ) لمیٹڈ (پی ایچ ایل) سے 7.725 ارب روپے موصول ہوئے ہیں جو حکومت کے گردشی قرضوں کے تصفیے کے منصوبے کے تحت سود کی آخری ادائیگی ہے۔
او جی ڈی سی ایل نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے ایک نوٹس میں اس بات کا انکشاف کیا۔
کمپنی کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ سود کی مد میں مجموعی طور پر 92 ارب روپے وصول ہوچکے ہیں۔ ان رقوم کی وصولی حکومت کے توانائی شعبے میں گردشی قرضے کے مسئلے کے حل اور اس میں کمی لانے کے اقدام کے تحت مسلسل پیش رفت کی عکاسی کرتی ہے۔
2024 میں گردشی قرضوں کے تصفیے کے منصوبے کے تحت حکومت نے اوجی ڈی سی ال کو 82 ارب روپے کی ادائیگی کی منظوری دی تھی، جو پی ایچ ایل کی جانب سے جاری کردہ پرائیویٹلی پلیسڈ ٹرم فنانس سرٹیفکیٹس میں کمپنی کی سرمایہ کاری کی اصل رقم (پرنسپل اماؤنٹ) تھی۔
حکومت نے جولائی 2025 سے شروع ہونے والی بارہ مساوی قسطوں میں 92 ارب روپے کے سود کی ادائیگی کی بھی منظوری دی تھی۔
او جی ڈی سی ایل کو 23 اکتوبر 1997 کو کمپنیز آرڈیننس 1984 (جو اب کمپنیز ایکٹ 2017 ہے) کے تحت شامل (انکارپوریٹ) کیا گیا تھا۔
کمپنی کا قیام تیل اور گیس کے وسائل کی تلاش اور ترقی کے لیے عمل میں لایا گیا تھا، جس میں تیل اور گیس کی پیداوار، فروخت اور متعلقہ سرگرمیاں شامل ہیں جو اس سے قبل آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کارپوریشن انجام دیتی تھی، جسے 1961 میں قائم کیا گیا تھا۔


Comments