کھیل
ایران کا ورلڈ کپ کیمپ ایریزونا سے میکسیکو منتقل کرنے کا فیصلہ
- ایرانی وفد کے ویزوں، سیکیورٹی اور حسنِ سلوک کے لیے فیفا سے ضمانت مانگی ہے، مہدی تاج
ایران فٹبال فیڈریشن کے صدر مہدی تاج نے تصدیق کی ہے کہ فیفا کی منظوری کے بعد رواں برس ورلڈ کپ کے لیے ایرانی ٹیم کا تربیتی کیمپ امریکی ریاست ایریزونا کے بجائے میکسیکو کے سرحدی شہر ٹیہوانا منتقل کر دیا گیا ہے۔
مہدی تاج کے مطابق اس منتقلی کا مقصد ویزا کے حصول میں درپیش پیچیدگیوں سے بچنا ہے، کیونکہ اب ٹیم ’ایران ایئر‘ کی پروازوں کے ذریعے براہِ راست میکسیکو پہنچ سکے گی۔ انہوں نے بتایا کہ نیا کیمپ میچوں کے مقامات سے زیادہ قریب ہے اور یہاں سے لاس اینجلس کا فضائی سفر صرف 55 منٹ کا ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو کی مشترکہ میزبانی میں ورلڈ کپ 11 جون سے 19 جولائی تک کھیلا جائے گا۔ ایرانی حکام نے فیفا سے اپنے وفد کی سیکیورٹی، ویزوں اور مناسب رویے کی ضمانت بھی مانگی ہے۔ ایران اپنا پہلا میچ 15 جون کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گا۔


Comments