نیویارک کے میئر زوہران ممدانی کا کنگ چارلس سے کوہ نور واپس کرنے کا مطالبہ
- بھارت ماضی میں کئی بار برطانیہ سے 105 قیراط کے اس مشہور ہیرا کی واپسی کا مطالبہ کر چکا ہے
نیویارک سٹی کے میئر زوہران ممدانی نے بدھ کے روز برطانیہ کے بادشاہ کنگ چارلس سوم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کوہِ نور ہیرا بھارت کو واپس کریں۔ یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب برطانوی بادشاہ امریکہ کے دورے پر تھے۔
میئر زوہران ممدانی نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ اگر ان کی بادشاہ سے الگ بات ہوتی تو وہ انہیں کوہِ نور ہیرا واپس کرنے کی ترغیب دیتے۔ یہ بات انہوں نے 11 ستمبر 2001 کے حملوں کی یاد میں منعقدہ ایک تقریب سے چند گھنٹے قبل کہی۔
بعد ازاں اسی دن بادشاہ چارلس سوم نے زوہران ممدانی سے ملاقات بھی کی، تاہم برطانوی شاہی محل نے اس حوالے سے کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ زوہران ممدانی کے دفتر نے بھی یہ واضح نہیں کیا کہ آیا اس ملاقات میں کوہِ نور کا معاملہ اٹھایا گیا یا نہیں۔
بھارت ماضی میں کئی بار برطانیہ سے 105 قیراط کے اس مشہور ہیرا کی واپسی کا مطالبہ کر چکا ہے، جو 1850 میں ایسٹ انڈیا کمپنی کے ذریعے پنجاب کی فتح کے بعد برطانوی شاہی خاندان کو دیا گیا تھا۔
بھارت کا مؤقف ہے کہ کوہِ نور اس کی تاریخی اور ثقافتی وراثت کا حصہ ہے، جبکہ برطانیہ میں اسے نوآبادیاتی دور کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ یہ ہیرا تاریخ میں مغل حکمرانوں، ایرانی شاہوں، افغان امیروں اور سکھ مہاراجوں کی ملکیت بھی رہ چکا ہے۔


Comments