پاکستانی بحری عملے کو ناروے کے جہازوں پر ملازمت کے مواقع ملیں گے، نیا معاہدہ طے
- یہ معاہدہ پاکستان کے ناروے میں سفارت خانے اور میری ٹائم اتھارٹی کے درمیان طے پایا
پاکستان اور ناروے نے پاکستانی بحری عملے (سی فِیئررز) کی تربیت اور سرٹیفکیشن سے متعلق ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیے ہیں۔
یہ معاہدہ پاکستان کے ناروے میں سفارت خانے اور میری ٹائم اتھارٹی کے درمیان طے پایا، جس کا اعلان منگل کے روز ایک پریس بیان میں کیا گیا۔
وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انور چوہدری نے اس پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ناروے کے درمیان بحری تعاون مزید مضبوط ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ بحری شعبے میں نئے روزگار کے مواقع پیدا کرے گا اور پاکستانی بحری عملہ اب ناروے کے پرچم بردار بحری جہازوں پر بھی خدمات انجام دے سکے گا۔
وزیر بحری امور کے مطابق یہ معاہدہ عالمی شپنگ انڈسٹری میں پاکستانی افرادی قوت کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام کے نتیجے میں پاکستانی سی فِیئررز کو جدید بحری طریقہ کار میں عملی تجربہ حاصل کرنے کے زیادہ مواقع میسر آئیں گے، جو ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرے گا۔


Comments