امریکہ اور چین کے درمیان تجارتی مذاکرات اس مرحلے کی جانب بڑھ رہے ہیں جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ اس ہفتے ایک نتیجہ خیز ملاقات کر سکیں گے۔ یہ بات امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریئر نے اتوار کو کوالالمپور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
ایک صحافی کے سوال پر کہ آیا مذاکرات میں ریئر ارتھز کے معاملے پر بھی بات ہوئی ہے، جیمیسن گریئر نے بتایا کہ بات چیت میں کئی اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا، جن میں تجارتی اقدامات پر جاری جنگ بندی میں توسیع بھی شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ ہم اس مقام کے قریب پہنچ رہے ہیں جہاں دونوں رہنماؤں کی ملاقات انتہائی نتیجہ خیز ثابت ہوگی۔
ٹرمپ اور شی جن پنگ سے توقع ہے کہ وہ جمعرات کو جنوبی کوریا میں ملاقات کریں گے، جو امریکی صدر کے پانچ روزہ دورۂ ملیشیا، جاپان اور جنوبی کوریا کے اختتام پر ہوگی۔
ٹرمپ اتوار کی صبح کوالالمپور پہنچے، کچھ ہی دیر بعد جیمیسن گریئر نے میڈیا سے گفتگو کی۔ صدر ٹرمپ آسیان (آسیان) سمٹ میں شرکت کے لیے ملائیشیا پہنچے ہیں، جہاں وہ تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان جنگ بندی معاہدے پر دستخط کی تقریب کے بھی شریک ہونگے۔


Comments
Comments are closed.