پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے فی لیٹر کمی، ڈیزل کی قیمت برقرار
- نئی قیمتوں کا اطلاق بدھ، 18 نومبر کیلئے ہوگا
حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے فی لیٹر کمی کرتے ہوئے اسے 325 روپے فی لیٹر کر دیا ہے، جبکہ ڈیزل کی قیمت 358 روپے فی لیٹر پر برقرار رکھی ہے۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے منگل کے روز جاری کردہ نوٹیفکیشن میں پیٹرولیم مصنوعات کی نئی ایکس ڈپو قیمتوں کا اعلان کیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا تعین وفاقی حکومت کے منظور کردہ پیٹرولیم مصنوعات کے قیمتوں کے طریقہ کار کے تحت کیا گیا ہے۔
نئی قیمتوں کا اطلاق بدھ، 18 نومبر سے ہوگا۔
واضح رہے کہ پیر کے روز حکومت نے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمتوں میں فی لیٹر 2، 2 روپے کمی کی تھی، جس کے بعد پیٹرول 328 روپے اور ڈیزل 358 روپے فی لیٹر ہو گیا تھا۔
عالمی منڈی میں منگل کے روز تیل کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ہوا، کیونکہ مشرق وسطیٰ سے برآمدات کی بحالی کے باعث رسد میں اضافے کے امکانات نے ٹینکرز پر حملوں کے خدشات اور امریکی خام تیل کے ذخائر میں کمی کی توقعات کے اثرات کو زائل کر دیا۔
گرینچ مین ٹائم (جی ایم ٹی) کے مطابق 12:04 بجے برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 32 سینٹ یا 0.4 فیصد اضافے سے 92.76 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت بھی 39 سینٹ یا 0.5 فیصد بڑھ کر 86.11 ڈالر فی بیرل رہی۔
اس ماہ اب تک برینٹ خام تیل کی قیمت میں 21 فیصد جبکہ ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت میں 18 فیصد کمی آ چکی ہے۔