مالیاتی استحکام کے نام پر عوام پر بوجھ برقرار
- وفاقی ٹیکس اتھارٹی اکتوبر میں اپنا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور امکان ہے کہ حکومت مالی سال 2027 کی پہلی ششماہی کے لیے ایف بی آر کی محصولات وصولی کا ہدف بھی حاصل نہیں کرپائے گی
مالی سال 2027 کی پہلی سہ ماہی میں مالیاتی استحکام کا عمل جاری ہے، تاہم اس کی رفتار سست ہوگئی ہے۔ اس سہ ماہی کے دوران آئی ایم ایف کے تمام لازمی مالیاتی اہداف حاصل کرلیے گئے۔ اس پروگرام کے آغاز کے بعد پہلی مرتبہ ایف بی آر کی محصولات کی وصولی بھی عارضی ہدف سے زیادہ رہی۔
تاہم، وفاقی ٹیکس اتھارٹی اکتوبر میں اپنا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور امکان ہے کہ حکومت مالی سال 2027 کی پہلی ششماہی کے لیے ایف بی آر کی محصولات وصولی کا ہدف بھی حاصل نہیں کرپائے گی، جو اب لازمی نوعیت اختیار کرچکا ہے۔ ایسی صورت میں حکومت کو یا تو ہدف سے متعلق چھوٹ حاصل کرنا ہوگی یا دوسری ششماہی میں منی بجٹ پیش کرنا پڑے گا۔
جو بھی صورت حال ہو، ایف بی آر کی ٹیکس وصولی کی بھوک باضابطہ کاروباری طبقے کے لیے مسلسل پریشانی کا باعث بنی رہے گی، کیونکہ ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کے حوالے سے کوئی خاص پیش رفت دکھائی نہیں دیتی۔
حکومت کا بنیادی مالیاتی سرپلس برقرار ہے، تاہم رواں سال اس میں کمی آئی ہے۔ مالی سال 2027 کی پہلی سہ ماہی میں یہ سرپلس سالانہ بنیاد پر 15 فیصد کمی کے بعد 3 کھرب روپے رہا۔ مجموعی مالیاتی توازن بھی سرپلس میں ہے، تاہم اس میں کمی کی شرح کہیں زیادہ رہی اور یہ 40 فیصد کمی کے بعد 1.3 کھرب روپے رہ گیا۔
مالی سال 2027 کی پہلی سہ ماہی میں مجموعی یکجا مالیاتی آمدنی سالانہ بنیاد پر 3 فیصد کمی کے بعد 6 کھرب روپے رہی۔ اس کمی کی بنیادی وجہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) سے متوقع طور پر کم منافع کی منتقلی ہے، جو 20 فیصد کمی کے بعد 1.9 کھرب روپے رہی۔ تاہم یہ رقم اب بھی بجٹ میں مختص کردہ ہدف سے تقریباً 500 ارب روپے زیادہ ہے۔ اسٹیٹ بینک کے منافع میں کمی کے کچھ اثرات پیٹرولیم لیوی کی وصولی میں 3 فیصد اضافے سے پورے کیے گئے، جو مالی سال 2027 کی پہلی سہ ماہی میں 381.8 ارب روپے رہی۔ حکومت نے اس دوران کوئی رعایت نہیں دکھائی اور بین الاقوامی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی انتہائی بلند قیمتوں کے باوجود تقریباً پورے عرصے میں صارفین سے مکمل لیوی وصول کی۔
ایف بی آر کے ٹیکس محصولات میں سب سے زیادہ اضافہ اشیا پر سیلز ٹیکس کی وصولی میں ہوا، جو 12 فیصد اضافے کے بعد 1.14 کھرب روپے ہوگئی۔ اس کی وجہ ویلیو چینز کی نشاندہی اور نگرانی کے لیے ایف بی آر کی بہتر کوششیں ہیں، جن میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم بھی شامل ہے۔ نیشنل ٹیرف پالیسی (این ٹی پی) پر عمل درآمد کے باعث کسٹمز ڈیوٹی سے حاصل ہونے والی آمدنی میں اضافے کی رفتار کم ہورہی ہے اور مالی سال 2027 کی پہلی سہ ماہی میں اس مد میں وصولی محض ایک فیصد بڑھی۔ دوسری جانب، براہ راست ٹیکسوں کی شرح میں معمولی کمی کے باعث ان کی وصولی میں اضافے کی شرح 6 فیصد تک محدود رہی۔
مجموعی طور پر ٹیکس وصولی میں اضافہ مہنگائی کی شرح کو بھی پورا کرنے کے لیے کافی نہیں تھا۔ مالی سال 2027 کی پہلی سہ ماہی میں مہنگائی 10.2 فیصد رہی، جبکہ ٹیکس محصولات میں اضافے کی شرح صرف 7 فیصد تھی۔ ابتدائی چند ماہ کے دوران اہداف کم رکھے گئے تھے، لیکن اب مشکل وقت شروع ہونے والا ہے۔
جولائی سے اکتوبر کے دوران ایف بی آر کی ٹیکس وصولی میں 6 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ آئی ایم ایف کا مقرر کردہ ہدف 17.4 فیصد تھا۔ ششماہی ہدف حاصل کرنے کے لیے ایف بی آر کو نومبر اور دسمبر کے دوران 2.9 کھرب روپے جمع کرنا ہوں گے، جس کے نتیجے میں سالانہ بنیاد پر وصولی میں 27 فیصد اضافہ درکار ہوگا۔ اس کا حصول انتہائی مشکل دکھائی دیتا ہے۔ تاہم، ایف بی آر موجودہ ٹیکس دہندگان پر زیادہ سے زیادہ بوجھ ڈالنے کی پوری کوشش کرے گا۔ اس کے باوجود منی بجٹ سے بچنے کے لیے آئی ایم ایف سے ہدف میں چھوٹ حاصل کرنا ضروری ہوگا۔
اخراجات کے معاملے میں کفایت شعاری دکھائی نہیں دیتی۔ مالی سال 2027 کی پہلی سہ ماہی میں مجموعی یکجا اخراجات 16 فیصد اضافے کے بعد 4.73 کھرب روپے ہوگئے۔ ان میں وفاقی جاری اخراجات میں 13 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ صوبائی جاری اخراجات میں درحقیقت 8 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ اس طرح مجموعی یکجا جاری اخراجات میں اضافے کی شرح 6 فیصد تک محدود رہی۔
اخراجات میں سب سے زیادہ اضافہ سود کی ادائیگیوں میں ہوا، جو 23 فیصد بڑھ کر 1.7 کھرب روپے ہوگئیں۔ خطے میں جنگ کے نتیجے میں تیل اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جبکہ حکومت نے اس کا پورا بوجھ صارفین پر منتقل کردیا، جس سے مہنگائی میں اضافہ ہوا۔ اس کے نتیجے میں اسٹیٹ بینک نے شرح سود بڑھا دی، جس سے قرضوں کی ادائیگی پر اٹھنے والے اخراجات میں اضافہ ہورہا ہے۔
تاہم حکومت اس کا سارا الزام اسٹیٹ بینک پر نہیں ڈال سکتی، کیونکہ حکومتی مشینری چلانے کے اخراجات میں اضافہ قرضوں کی ادائیگی کے اخراجات سے بھی زیادہ رہا۔ اس مد میں اخراجات 28 فیصد اضافے کے بعد 207 ارب روپے تک پہنچ گئے۔ وفاقی اور صوبائی دونوں حکومتوں کو اپنے دعوؤں پر عمل کرنا ہوگا، کیونکہ وہ ایک طرف مہنگائی اور دیگر اخراجات کا بوجھ مسلسل صارفین پر منتقل کررہی ہیں، جبکہ دوسری جانب شاہانہ انداز میں اخراجات جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ترقیاتی اخراجات میں انتہائی سست رفتاری سے اضافہ ہورہا ہے، جبکہ سبسڈیز میں کمی کی جارہی ہے۔ اصل بات یہ ہے کہ مالیاتی استحکام کے اس عمل میں مہنگائی اور ٹیکسوں کی صورت میں مسلسل صارفین پر بوجھ ڈالا جارہا ہے۔ اس پورے عمل میں نہ تو کوئی جدت طرازی دکھائی دیتی ہے اور نہ ہی عوام کے لیے ہمدردی۔ اس کے باوجود مالیاتی استحکام کے عمل کی رفتار مزید سست ہورہی ہے اور دباؤ بڑھتا جارہا ہے۔ چنانچہ امکان یہی ہے کہ آئندہ بھی اسی پالیسی کو جاری رکھا جائے گا۔