سردیوں میں آر ایل این جی کی قلت سے بجلی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ، آئی ایس ایم او
- یہ انتباہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب پاکستان کو عالمی مارکیٹ سے ایل این جی خریداری میں مشکلات کا سامنا ہے
انڈیپنڈنٹ سسٹم مارکیٹ آپریٹر (آئی ایس ایم او) نے خبردار کیا ہے کہ سردیوں کے دوران گیس سے چلنے والے بجلی گھروں کو ری گیسیفائیڈ مائع قدرتی گیس (آر ایل این جی) کی ناکافی فراہمی سے بجلی کا نظام استحکام کے خطرات سے دوچار ہوسکتا ہے، جس کے نتیجے میں لوڈ مینجمنٹ میں اضافہ کرنا پڑسکتا ہے۔
آئی ایس ایم او کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سسٹم آپریشن محمد ذکریا نے ڈائریکٹر جنرل گیس، پیٹرولیم ڈویژن اور منیجنگ ڈائریکٹر سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کو خط لکھ کر آر ایل این جی کارگوز کے بروقت انتظامات کرنے کی درخواست کی ہے۔
خط میں حویلی بہادر شاہ، بھیکی، بلوکی اور پنجاب تھرمل پاور لمیٹڈ (پی ٹی پی ایل) کے بجلی گھروں کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ماضی میں ان پلانٹس کو ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) پر چلانے کا عمل مستحکم نہیں رہا۔ آئی ایس ایم او کے مطابق ان بجلی گھروں کو مناسب آر ایل این جی فراہم نہ ہونے کی صورت میں بجلی کا نظام متاثر ہوسکتا ہے اور لوڈ مینجمنٹ بڑھانا پڑسکتی ہے۔
یہ انتباہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب پاکستان کو عالمی مارکیٹ سے ایل این جی خریداری میں مشکلات کا سامنا ہے۔ پاکستان ایل این جی لمیٹڈ (پی ایل ایل) نے دسمبر 2026 اور جنوری 2027 کے لیے مہنگے نرخوں پر موصول ہونے والی بولیاں مسترد کردی تھیں۔
پی ایل ایل نے 4 نومبر کو 1 لاکھ 40 ہزار مکعب میٹر فی کس کے دو ایل این جی کارگوز کے لیے ٹینڈر جاری کیا تھا۔ دسمبر کے کارگو کے لیے ٹوٹل انرجیز نے 27.30 ڈالر جبکہ قطر انرجی ٹریڈنگ نے 31 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کی بولی دی تھی۔ جنوری کے کارگو کے لیے ٹوٹل انرجیز نے 27.10 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کی پیشکش کی تھی، تاہم حکومت نے قیمتیں زیادہ ہونے کے باعث یہ بولیاں قبول نہیں کیں۔
بعد ازاں پی ایل ایل نے 12 نومبر کو انہی تاریخوں کے لیے نیا ٹینڈر جاری کیا، جس کی بولیاں جمع کرانے کی آخری تاریخ 18 نومبر مقرر کی گئی ہے۔
حکومت نے نومبر 2026 سے فروری 2027 تک چار ماہ کے لیے 18 ایل این جی کارگوز حاصل کرنے کی حکمت عملی تیار کی ہے، جبکہ اس سے قبل 24 کارگوز کی ضرورت کا تخمینہ لگایا گیا تھا۔ پاکستان قطر کے ساتھ موجود طویل مدتی معاہدوں کے تحت زیادہ سے زیادہ گیس حاصل کرنے کی کوشش بھی کررہا ہے۔
آئی ایس ایم او نے واضح کیا ہے کہ متبادل ایندھن پر انحصار بھی قابل اعتماد حل نہیں، اس لیے سردیوں میں بجلی کی طلب پوری کرنے اور نظام کو مستحکم رکھنے کے لیے ایل این جی کے بروقت انتظامات ضروری ہیں۔ بصورت دیگر بجلی کی پیداوار متاثر ہونے اور لوڈشیڈنگ میں اضافے کا خدشہ ہے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026