پاکستان

پاکستان رواں ماہ مکہ دفاعی اتحاد کے اجلاس کی میزبانی کرے گا، ای سی او کے لیے پانچ ترجیحات کا تعین

  • افغانستان کی سربراہی اجلاس میں عدم شرکت کی وضاحت کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ ای سی او میں افغانستان کی رکنیت معطل ہے
شائع اپ ڈیٹ

پاکستان رواں ماہ کے اواخر میں اسلام آباد میں معاہدۂ مشترکہ دفاعِ مکہ کی اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے اگلے اجلاس کی میزبانی کرے گا، جس میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کی اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت شرکت کرے گی۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پیر کے روز یہ بات کہی ہے۔

اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے کونسل کے 30ویں اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ سہ فریقی دفاعی معاہدے کی اعلیٰ ترین کمیٹی کا اجلاس نومبر کے اواخر میں متوقع ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا، ’’اس ادارے کی اعلیٰ ترین کمیٹی کا اجلاس، امید ہے کہ، رواں ماہ کے آخر میں اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔‘‘ انہوں نے معاہدے کے تحت مشاورت کے اگلے دور کی میزبانی میں پاکستان کے کردار کی تصدیق کی۔

آئندہ اجلاس اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی (ایس پی ڈی سی) کا تیسرا اجلاس ہوگا۔ اس سے قبل یہ کمیٹی استنبول اور ریاض میں اجلاس منعقد کر چکی ہے۔

معاہدۂ مشترکہ دفاعِ مکہ پر پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے 7 اگست 2026 کو دستخط کیے تھے۔ اس معاہدے کے تحت مشترکہ دفاع کا اصول طے کیا گیا ہے، جس کے مطابق کسی ایک رکن پر مسلح حملہ تینوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔

پاکستان نے ای سی او کی صدارت کے لیے پانچ ترجیحات کا اعلان کر دیا

علاوہ ازیں، اسحاق ڈار نے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی 2026-2027 کی صدارت کے لیے پاکستان کی پانچ ترجیحات کا اعلان کیا، جن میں علاقائی تجارت کا فروغ، نقل و حمل کے رابطوں میں بہتری، سرمایہ کاری کا حصول اور رکن ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانا شامل ہیں۔

اسلام آباد میں پیر کے روز ای سی او وزرائے کونسل کے 30ویں اجلاس کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان تنظیم کے طویل مدتی اقتصادی اہداف کو عملی اقدامات میں ڈھالنے کے لیے کام کرے گا۔

پاکستان نے ’’علاقائی تعاون کی بحالی، مستحکم ای سی او کے لیے‘‘ کے عنوان کے تحت 2026-2027 کے لیے تنظیم کی صدارت سنبھال لی ہے۔

پہلی ترجیح کے تحت منڈیوں تک رسائی بڑھانے، علاقائی ویلیو چینز کو مضبوط بنانے، سرمایہ کاری کے فروغ اور نجی شعبے کی شرکت کی حوصلہ افزائی پر توجہ دی جائے گی، بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی شمولیت بڑھائی جائے گی۔

دوسری ترجیح وسطی ایشیا، جنوبی ایشیا اور پاکستان کی بحیرہ عرب کی بندرگاہوں کے درمیان رابطوں کو بہتر بنانا ہے، جس کے لیے کسٹمز کے طریقہ کار میں ہم آہنگی اور نقل و حمل کے لیے قابلِ پیش گوئی انتظامات پر توجہ دی جائے گی۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کا جغرافیائی محل وقوع علاقائی تجارت کو فروغ دینے کے لیے اہم مواقع فراہم کرتا ہے۔ اس کے ذریعے ای سی او کے خشکی میں گھرے رکن ممالک کو کراچی، پورٹ قاسم اور گوادر سمیت اپنی بندرگاہوں کے ذریعے عالمی منڈیوں سے منسلک کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان علاقائی ممالک کو سمندری تجارتی راستوں تک بہتر رسائی فراہم کرنے کے لیے سڑکوں، ریلوے اور نقل و حمل کے کثیرالوسائطی راہداریوں کو مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔

تیسری ترجیح ای سی او تجارتی معاہدے (ایکوٹا) کے لیے مذاکراتی حکمت عملی اور روڈ میپ پر عمل درآمد سے متعلق ہے، جس کا مقصد موجودہ ترجیحی تجارتی انتظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔

اسحاق ڈار نے وضاحت کی کہ ایکوٹا آزاد تجارتی معاہدہ نہیں بلکہ ترجیحی تجارتی معاہدہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس انتظام پر نظرثانی اور اس میں ترامیم کے لیے مذاکرات جاری ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان کی صدارت کے دوران مذاکراتی عمل مکمل کر لیا جائے گا۔

چوتھی ترجیح آفات سے نمٹنے کی تیاری، آبی وسائل کے انتظام، توانائی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات برداشت کرنے کے قابل بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں علاقائی تعاون کو فروغ دینا ہے۔

پانچویں ترجیح تحقیق میں اشتراک، جدت، فنی تربیت، نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع اور کاروبار کے فروغ میں سرمایہ کاری کرنا ہے، تاکہ پورے خطے میں انسانی وسائل کو مضبوط بنایا جا سکے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ای سی او کے رکن ممالک کے ساتھ مل کر ’’اقتصادی تعاون کے اسٹریٹجک اہداف 2026-2035‘‘ کو مرحلہ وار عملی منصوبے میں ڈھالنے کے لیے کام کرے گا، جس میں ذمہ داریوں کا واضح تعین، حقیقت پسندانہ مدت اور قابلِ پیمائش اشاریے شامل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ 2026 کے دوران ہونے والی پیش رفت، جس میں وزارتی سطح کے نو اجلاس اور اسٹریٹجک اہداف کی منظوری شامل ہے، نے علاقائی تعاون کی آئندہ دہائی کے لیے بنیاد فراہم کر دی ہے۔

افغانستان کی ای سی او رکنیت معطل

اجلاس میں افغانستان کی عدم شرکت سے متعلق سوال کے جواب میں اسحاق ڈار نے کہا کہ ای سی او میں افغانستان کی رکنیت معطل ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان وزارتی سطح سے نچلی سطح کے بعض اجلاسوں میں شرکت کرتا رہا ہے، تاہم پاکستان نے عبوری افغان حکومت کو تسلیم نہیں کیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ رکنیت سے متعلق معاملہ ای سی او سیکریٹریٹ کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔ ان کے بقول، موجودہ حالات میں وزارتی سطح کے اجلاس میں افغانستان کی عدم شرکت کوئی غیر معمولی بات نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ تجارت اور اقتصادی تعاون کے لیے رابطے پر آمادہ ہے، بشرطیکہ کابل اپنی سرزمین سے سرگرم دہشت گرد گروہوں کے خلاف قابلِ تصدیق اقدامات کرے۔

گزشتہ سال اپنے دورۂ کابل کا حوالہ دیتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے افغان حکام کے ساتھ تجارت، اقتصادی تعاون، مہاجرین اور سیاسی امور پر بات چیت کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا بنیادی مطالبہ یہ ہے کہ افغان سرزمین کو پڑوسی ممالک، بالخصوص پاکستان کے خلاف دہشت گردانہ سرگرمیوں کے لیے استعمال نہ ہونے دیا جائے۔

علاقائی استحکام رابطوں کے فروغ کے لیے ناگزیر

اسحاق ڈار نے زور دیا کہ علاقائی استحکام، بین الاقوامی قانون کا احترام اور تنازعات کا پُرامن حل، رابطوں کے فروغ اور مشترکہ اقتصادی ترقی کے لیے ناگزیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے حصول کے لیے سفارتی کوششوں، مذاکرات اور کشیدگی میں کمی لانے کے عزم پر قائم ہے۔

انہوں نے 3 اور 4 دسمبر 2026 کو ایران میں ای سی او کے 18ویں سربراہی اجلاس کے انعقاد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان 2027 میں وزرائے کونسل کے اگلے اجلاس اور ای سی او کے 19ویں سربراہی اجلاس کی میزبانی کا منتظر ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اپنی صدارت کے دوران ٹھوس نتائج کے حصول کے لیے رکن ممالک اور ای سی او سیکریٹریٹ کے ساتھ قریبی تعاون کرے گا۔