عمران خان کا چیف جسٹس صاحبان کو خط، جیل میں بنیادی حقوق کی خلاف ورزیوں کا الزام
- عمران خان نے الزام لگایا کہ 70 سال کی عمر عبور کرنے کے بعد ان کے خلاف سیاسی انتقامی کارروائیوں میں شدت آئی اور انہیں روزانہ 22 گھنٹے تک تنہائی میں رکھا جاتا ہے
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے اڈیالہ جیل سے سپریم کورٹ، وفاقی آئینی عدالت اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس صاحبان کے نام ایک کھلا خط لکھا ہے، جس میں انہوں نے اپنی بگڑتی ہوئی صحت، سیاسی انتقامی کارروائیوں اور جیل میں بنیادی حقوق کی خلاف ورزیوں کا الزام عائد کیا ہے۔ آج نیوز کے مطابق یہ خط پیر کو سامنے آیا۔
خط میں عمران خان نے جج صاحبان سے اپنی صورت حال کا فوری نوٹس لینے، انصاف کی فراہمی یقینی بنانے اور مناسب طبی سہولیات سمیت بنیادی ضروریات تک رسائی فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔
خط کے آغاز میں انہوں نے کہا کہ وہ یہ تحریر قید تنہائی کی دیواروں سے باہر اپنی آواز پہنچانے اور اعلیٰ عدلیہ پر زور دینے کے لیے لکھ رہے ہیں کہ ملک میں قانون کی حکمرانی اور بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔
عمران خان نے الزام لگایا کہ 70 سال کی عمر عبور کرنے کے بعد ان کے خلاف سیاسی انتقامی کارروائیوں میں شدت آئی اور انہیں روزانہ 22 گھنٹے تک تنہائی میں رکھا جاتا ہے۔
پی ٹی آئی بانی کے مطابق انہیں اہل خانہ سے باقاعدگی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جارہی، جبکہ وکلا تک رسائی بھی محدود کردی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جیل میں ان سے کتابیں اور ٹیلی ویژن کی سہولت بھی واپس لے لی گئی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران انہیں وکلا سے صرف چار مرتبہ ملاقات کی اجازت ملی، جبکہ اہل خانہ سے ہفتہ وار طے شدہ ملاقاتیں جیل حکام بار بار منسوخ کرتے رہے۔ ان کے بیٹوں سے ٹیلی فون پر رابطے کی اجازت بھی نہیں دی گئی۔
اپنی صحت سے متعلق عمران خان نے کہا کہ طویل تنہائی اور انسانی رابطے کی کمی نے ان کی جسمانی اور ذہنی صحت کو شدید متاثر کیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ان کی اہلیہ کو بھی اسی طرح تنہائی میں رکھا جارہا ہے۔
انہوں نے شکایت کی کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود انہیں بروقت اسپتال منتقلی اور علاج کی سہولت فراہم نہیں کی گئی۔ ان کے بقول ان کا بلڈ پریشر 130 سے بڑھ کر 193 تک پہنچ گیا ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ان کے ڈاکٹروں نے دماغ میں خون بہنے اور دل کا دورہ پڑنے کے سنگین خطرے سے خبردار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان خدشات کے باوجود ان کی صحت اور بنیادی حقوق کو مسلسل نظر انداز کیا جارہا ہے۔
قانونی معاملات پر بات کرتے ہوئے عمران خان نے القادر ٹرسٹ کیس میں اپیل کو پرانی زیر التوا اپیلوں کے مقابلے میں غیر معمولی ترجیح دینے پر اعتراض کیا اور اسے انصاف کے تقاضوں کے منافی قرار دیا۔
خط کے اختتام پر انہوں نے چیف جسٹس صاحبان سے مزید تاخیر کے بغیر مداخلت کرنے اور آئین و قانون کے مطابق انصاف، ضروری طبی سہولیات اور بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی یقینی بنانے کی اپیل کی۔