اسٹاک ایکسچینج میں تیزی، 100 انڈیکس میں 1400 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ
- بینچ مارک انڈیکس 1,401.37 پوائنٹس یا 0.79 فیصد اضافے کے بعد 179,275.24 پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہا تھا
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کاروباری ہفتے کا آغاز مثبت رجحان کے ساتھ ہوا، جہاں پیر کو کاروبار کے آغاز میں بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں 1400 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
صبح 11 بج کر 10 منٹ پر بینچ مارک انڈیکس 1,401.37 پوائنٹس یا 0.79 فیصد اضافے کے بعد 179,275.24 پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہا تھا۔
آٹوموبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینکوں، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیوں، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) اور بجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں سمیت اہم شعبوں میں خریداری کا رجحان دیکھا گیا۔ انڈیکس پر زیادہ اثر رکھنے والے حصص، جن میں حبکو، ماری، او جی ڈی سی، پی او ایل، پی پی ایل، ایچ بی ایل، ایم سی بی، این بی پی اور یو بی ایل شامل ہیں، مثبت زون میں ٹریڈ کرتے رہے۔
گزشتہ ہفتے بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان برقرار رہا اور بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 3,987.19 پوائنٹس یا 2.3 فیصد اضافے کے بعد 177,873.88 پوائنٹس پر بند ہوا۔ عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں کمی اور ترسیلات زر کی مضبوط آمد نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بہتر بنایا۔ بینچ مارک انڈیکس نے گزشتہ ہفتے کا آغاز 173,886.69 پوائنٹس سے کیا اور 3,987.19 پوائنٹس کے اضافے کے بعد 177,873.88 پوائنٹس پر کاروبار کا اختتام کیا۔
عالمی سطح پر پیر کو ایشیائی حصص کی مارکیٹوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ اس سے قبل ایک غیر معمولی اتار چڑھاؤ والے ہفتے کا اختتام این ویڈیا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جینسن ہوانگ کی اچانک علیحدگی کے اعلان پر ہوا تھا۔ اس ہفتے چپ ساز کمپنی کی آمدنی اور اینتھروپک کی ابتدائی عوامی پیشکش (آئی پی او) اس بات کا امتحان ہوں گے کہ آیا مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی بنیاد پر جاری تیزی کے رجحان میں مزید گنجائش باقی ہے یا نہیں۔
اسی ہفتے کے آخر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن فورم کے موقع پر شینزن میں چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات متوقع ہے، جس میں جوہری ہتھیاروں میں کمی اور ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی جنگ پر بات چیت کی جائے گی۔
امریکی فیڈرل ریزرو کے اکتوبر میں ہونے والے پالیسی اجلاس کی تفصیلات بدھ کو جاری کی جائیں گی، جبکہ اس ہفتے فیڈرل ریزرو کے متعدد عہدیدار بھی اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔ مارکیٹوں کی نظریں اس بات پر ہوں گی کہ آیا پالیسی ساز اگلے ماہ شرح سود میں غیر معمولی طور پر 50 بیسس پوائنٹس اضافے کے امکان پر آمادگی کا کوئی اشارہ دیتے ہیں یا نہیں۔
پیر کو ایشیا میں جاپان کا نکی انڈیکس 0.6 فیصد گر گیا، جبکہ جنوبی کوریا کی مارکیٹ میں 0.2 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ جاپان کے علاوہ ایشیا پیسیفک کے حصص کی مارکیٹوں کا ایم ایس سی آئی کا وسیع ترین انڈیکس 0.1 فیصد نیچے آگیا۔
ایس اینڈ پی 500 کے فیوچرز میں 0.3 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ نیس ڈیک فیوچرز 0.5 فیصد اوپر آگئے۔
چار سال سے جاری امریکی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کے رجحان کی نمایاں علامت سمجھی جانے والی کمپنی این ویڈیا کی مارکیٹ ویلیو اکتوبر کے آغاز میں تقریباً 5.8 ٹریلین ڈالر سے کم ہو کر جمعے تک 3.9 ٹریلین ڈالر رہ گئی۔ ایل ایس ای جی کے اعداد و شمار کے مطابق، ہوانگ کی علیحدگی کے بعد سرمایہ کاروں نے تیزی سے اپنے حصص فروخت کیے۔
ایل ایس ای جی کے اعداد و شمار کے مطابق، تجزیہ کاروں کو توقع ہے کہ این ویڈیا کی مالی سال کی تیسری سہ ماہی میں آمدنی 109 ارب ڈالر رہنے کے ساتھ منافع میں 90 فیصد اضافہ ہوگا۔ کمپنی کے مالی نتائج منگل کو جاری کیے جائیں گے اور تمام نظریں اس بات پر ہوں گی کہ آیا نئی انتظامیہ کے تحت چپ ساز کمپنی اگلے سال کے لیے اپنے پُرامید مالی تخمینوں کو برقرار رکھتی ہے یا نہیں۔
یہ انٹرا ڈے اپ ڈیٹ ہے۔