مارکٹس

مالی سال کے پہلے 4 ماہ، اشیا کی برآمدات 8.8 فیصد بڑھ کر 11.4 ارب ڈالر ہوگئیں

  • گزشتہ برس پاکستان نے تقریباً 10.4 ارب ڈالر کی اشیا برآمد کی تھیں
شائع اپ ڈیٹ

وزیراعظم شہباز شریف کی پاکستان کی برآمدات بڑھانے اور صنعتی شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے مسلسل کوششوں کے ثمرات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں، جس کے نتیجے میں مالی سال 2026-27 کے پہلے چار ماہ (جولائی تا اکتوبر) کے دوران ملک کی اشیا کی برآمدات تقریباً 11.4 ارب ڈالر کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئیں۔

پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس (پی بی ایس) کے مطابق گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں برآمدات میں 8.8 فیصد اضافہ ہوا، جب پاکستان نے تقریباً 10.4 ارب ڈالر کی اشیا برآمد کی تھیں۔ تازہ اعداد و شمار گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں تقریباً ایک ارب ڈالر کا اضافہ ظاہر کرتے ہیں۔

یہ بہتری وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت کی جانب سے برآمدات پر مبنی اقتصادی ترقی پر مسلسل توجہ کا نتیجہ ہے۔ وزیراعظم نے برآمد کنندگان، صنعت کاروں اور کاروباری نمائندوں سے براہ راست رابطوں کے ذریعے برآمدی شعبے کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر مسلسل زور دیا ہے۔

وزیراعظم صنعتی اور برآمدی شعبوں کے متعلقہ فریقوں سے باقاعدگی سے مشاورت کرتے رہے ہیں، جس میں ان کے مسائل حل کرنے، کاروباری ماحول بہتر بنانے اور عالمی منڈیوں میں پاکستان کی مسابقتی صلاحیت بڑھانے کے اقدامات پر توجہ دی گئی ہے۔

یہ کوششیں مالی سال 2026-27 کے وفاقی بجٹ میں بھی نظر آتی ہیں، جس میں کاروباری اداروں اور برآمد کنندگان کی معاونت کے لیے متعدد اقدامات متعارف کرائے گئے۔ اہم اقدامات میں کاروباری اور صنعتی شعبوں پر ٹیکسوں اور سرچارجز میں کمی، ٹیکس ریفنڈز کی ادائیگی میں تیزی، ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ فنڈ کے بہتر استعمال، برآمدی شعبے کے لیے رعایتی قرضوں کی فراہمی میں اضافہ اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز)، خصوصاً مائیکرو اور چھوٹے کاروباروں کے لیے خصوصی مالی معاونت شامل ہیں۔

وزیراعظم، وزارت خزانہ اور متعلقہ سرکاری اداروں کی مشترکہ کوششوں نے حکومت کی برآمدات میں اضافے کی ترجیحات کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

برآمدات کے تازہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ وفاقی بجٹ کے ذریعے طے کی گئی پالیسی سمت اور نجی شعبے کے ساتھ مسلسل رابطوں کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔

معاشی مبصرین برآمدات میں اضافے کو پاکستان کے بیرونی شعبے، صنعتی سرگرمیوں اور زرمبادلہ کی آمدنی کے لیے حوصلہ افزا پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔ تاہم اس رفتار کو برقرار رکھنے کے لیے پالیسیوں میں تسلسل، پیداواری لاگت میں کمی، مسابقتی توانائی کی قیمتوں، مالی وسائل تک بہتر رسائی اور عالمی منڈیوں تک زیادہ رسائی کی ضرورت ہوگی۔

حکومت برآمدات کی مسابقتی صلاحیت مضبوط بنانے، سرمایہ کاری راغب کرنے، کاروباری سرگرمیوں میں سہولت فراہم کرنے اور نجی شعبے کی قیادت میں اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے۔

مالی سال 2026-27 کے پہلے چار ماہ کے دوران برآمدات کی ریکارڈ کارکردگی پائیدار، سرمایہ کاری پر مبنی اور برآمدات پر مرکوز اقتصادی ترقی کی جانب پاکستان کی کوششوں میں ایک اہم پیش رفت ہے۔