دنیا

امریکا میں فضائی آپریشن اتوار کی رات تک معمول پر آنے کا امکان

  • فضائی سفر کی صورتحال پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ فلائٹ اویئر کے مطابق ہفتے کو رات 9 بج کر 35 منٹ تک امریکا میں 6 ہزار 400 سے زائد پروازیں منسوخ اور 8 ہزار سے زیادہ تاخیر کا شکار ہوئیں
شائع اپ ڈیٹ

امریکا میں فضائی آپریشن معمول پر آنے میں اتوار کی رات تک وقت لگ سکتا ہے، جہاں ملک گیر پروازوں کی بندش کے بعد فضائی نظام بتدریج بحال ہو رہا ہے۔ امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کے سربراہ برائن بیڈفورڈ نے ہفتے کو اس امید کا اظہار کیا ہے کہ اتوار کی رات تک ایئرلائنز کا آپریشن بڑی حد تک معمول پر آجائے گا۔

فضائی سفر کی صورتحال پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ فلائٹ اویئر کے مطابق ہفتے کو رات 9 بج کر 35 منٹ تک امریکا میں 6 ہزار 400 سے زائد پروازیں منسوخ اور 8 ہزار سے زیادہ تاخیر کا شکار ہوئیں، جبکہ جمعے کو تقریباً 9 ہزار 200 پروازیں منسوخ اور 7 ہزار 500 تاخیر کا شکار ہوئی تھیں۔ اتوار کے لیے بھی 875 پروازیں پہلے ہی منسوخ کی جاچکی تھیں۔

ایف اے اے نے جمعے کو فضائی ٹریفک کے مواصلاتی نظام میں خرابی کے باعث ملک بھر میں پروازوں کی روانگی روک دی تھی، جس کے نتیجے میں تقریباً 5 گھنٹے تک بیشتر پروازیں معطل رہیں۔ یہ 11 ستمبر 2001 کے حملوں کے بعد امریکا میں فضائی سفر کی سب سے طویل ملک گیر بندش تھی۔

امریکی وزیر ٹرانسپورٹیشن شان ڈفی کے مطابق خرابی کی وجہ ایف اے اے کے کنٹریکٹر ایل تھری ہیرس کی جانب سے ایک دور دراز تنصیب میں نئے راؤٹر کی تنصیب تھی۔ حکام کے مطابق اس خرابی سے دیگر مواصلاتی مراکز پر ڈیٹا کا غیر معمولی دباؤ پڑا۔ ابتدائی تحقیقات میں دو راؤٹرز کو مسئلے کا ممکنہ سبب قرار دیا گیا ہے۔

ایف اے اے کے مطابق اس خرابی سے ادارے کے 22 میں سے 17 فضائی ٹریفک کنٹرول مراکز متاثر ہوئے، تاہم کسی مرکز کا مواصلاتی نظام مکمل طور پر بند نہیں ہوا۔

دریں اثنا، وزیر ٹرانسپورٹیشن نے فضائی ٹریفک کنٹرول نظام کی جدید کاری کے لیے 50 ارب ڈالر کے فنڈز فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ ایوان نمائندگان کے اسپیکر مائیک جانسن نے اضافی فنڈنگ کی حمایت کی ہے۔ حکام کے مطابق امریکا کا فضائی نظام پرانی ٹیکنالوجی، آلات کی خرابیوں اور ہزاروں کنٹرولرز کی کمی جیسے مسائل سے بھی دوچار ہے۔