بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 74 دہشت گرد ہلاک
سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں انٹیلیجنس بنیادوں پر کی گئی الگ الگ کارروائیوں کے دوران 74 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز 3 نومبر سے علاقے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد گروہوں کے خلاف انٹیلیجنس بنیاد پر وسیع پیمانے پر علاقے کو کلیئر کرنے کی کارروائی کررہی ہیں۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ اس کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا اور مختلف جھڑپوں کے بعد 31 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
بیان کے مطابق دہشتگردوں کے ٹھکانوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے ایک الگ بیان میں کہا کہ دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کے خاتمے کی کوششوں کے تحت سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں انٹیلی جنس بنیادوں پر جاری کارروائیوں کا دائرہ بڑھاتے ہوئے میر علی اور اورکزئی تک وسعت دے دی ہے۔
گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے میر علی میں 35 اور اورکزئی میں 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جس کے بعد تینوں کارروائیوں میں مارے جانے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 74 ہوگئی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا جن میں دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد اور آئی ای ڈیز (بارودی مواد سے تیار کردہ دیسی بم) شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق متاثرہ علاقوں میں موجود باقی ماندہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے خیبر پختونخوا میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کامیاب کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے خاتمے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
جمعہ کو ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی مسلسل کامیابیاں قومی عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظہر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کے لیے بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد کی برآمدگی سکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی کا ثبوت ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ ہندوستان کے بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد نیٹ ورکس کا مکمل خاتمہ قومی سلامتی کا تقاضا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والے بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کے عزائم کامیاب نہیں ہونے دیے جائیں گے.
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 31 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کے افسران اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیرِ اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم نے آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں تباہ کرنے اور بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کو سراہا
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے جوان ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے دن رات میں مصروفِ عمل ہیں۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ پوری قوت سے جاری رہے گی.
آئی ایس پی آر کے مطابق قومی ایکشن پلان پر وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری سے شروع کیے گئے وژن عزمِ استحکام کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی تاکہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کا خاتمہ کیا جاسکے۔