✕
پاکستان

ٹرمپ نے نیٹلی بیکر کو پاکستان میں امریکی سفیر نامزد کر دیا

  • منظوری کے لیے نام سینیٹ کو ارسال
شائع اپ ڈیٹ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کیریئر سفارتکار نیٹلی بیکر کو پاکستان میں امریکا کی سفیر مقرر کرنے کے لیے نامزد کردیا ہے اور ان کا نام غورومنظوری کے لیے سینیٹ کو بھجوادیا ہے۔

وائٹ ہاؤس نے 9 نومبر کو جاری کردہ اعلان میں کہا کہ ریاست ٹیکساس سے تعلق رکھنے والی نیٹلی بیکر، جو سینئر فارن سروس میں منسٹرقونصلر کے عہدے پر فائز کیریئر سفارت کار ہیں، کو اسلامی جمہوریہ پاکستان میں امریکا کی غیر معمولی اور مکمل اختیارات کی حامل سفیر مقرر کرنے کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

نیٹلی بیکر کی نامزدگی اب سینیٹ میں غور و خوض اور منظوری کی محتاج ہے، جس کے بعد ہی وہ باضابطہ طور پر یہ عہدہ سنبھال سکیں گی۔

بیکر کی نامزدگی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب واشنگٹن اور اسلام آباد کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، سیکیورٹی اور علاقائی امور پر سفارتی رابطے جاری ہیں۔

ڈونلڈ بلوم پاکستان میں امریکا کے آخری سفیر تھے۔

نیٹلی بیکر اس وقت پاکستان میں امریکی ناظم الامور کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں اور انہیں منسٹر قونصلر کا عہدہ حاصل ہے۔ انہوں نے 16 اگست 2024 کو اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے میں نائب سربراہِ مشن (DCM) کی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔

اسلام آباد میں موجودہ تعیناتی سے قبل، نیٹلی بیکر قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امریکی سفارت خانے میں نائب سربراہِ مشن (ڈپٹی چیف آف مشن) کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں۔