بجلی کے شعبے پر 169 ارب روپے واجب الادا، گیس سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، ایس این جی پی ایل
- ایس این جی پی ایل نے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (گارنٹی) (سی پی پی اے-جی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو خط لکھ دیا
بجلی کے شعبے کے ذمے سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کے واجبات 169 ارب 27 کروڑ روپے تک پہنچ گئے، جس کے باعث کمپنی کو شدید مالی بحران کا سامنا ہے اور گیس فراہم کرنے والے اداروں کو ادائیگیوں کی صلاحیت متاثر ہونے لگی ہے۔
ایس این جی پی ایل نے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (گارنٹی) (سی پی پی اے-جی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو خط لکھ کر واجبات کی فوری ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے۔ کمپنی نے خبردار کیا ہے کہ مالی مشکلات برقرار رہنے کی صورت میں پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) اور پاکستان ایل این جی لمیٹڈ (پی ایل ایل) درآمدی آر ایل این جی کی فراہمی کے سلسلے میں بین الاقوامی سطح پر ادائیگیوں کے ڈیفالٹ کا شکار ہوسکتے ہیں۔
کمپنی کے مطابق واپڈا، انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) اور گیس سے بجلی پیدا کرنے والے پاور پلانٹس کے ذمے مجموعی واجبات 169 ارب 27 کروڑ روپے ہیں، جن میں گیس چارجز، آر ایل این جی ٹیرف کی ایڈجسٹمنٹ، ٹیک اور پے واجبات، گیس انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ سیس اور تاخیر سے ادائیگی پر سرچارج شامل ہیں۔
صارفین کی تفصیلات کے مطابق سب سے زیادہ 67 ارب 26 کروڑ 80 لاکھ روپے گیس سے چلنے والے پاور پلانٹس کے ذمے ہیں، جبکہ واپڈا کے پاور پلانٹس پر 63 ارب 54 کروڑ 80 لاکھ روپے اور آئی پی پیز پر 38 ارب 45 کروڑ 40 لاکھ روپے واجب الادا ہیں۔
واپڈا کے بجلی گھروں میں گدو پاور کے ذمے 37 ارب 95 کروڑ 90 لاکھ روپے اور نندی پور کے ذمے 21 ارب 39 کروڑ 50 لاکھ روپے واجب الادا ہیں۔
آئی پی پیز میں لبرٹی پاور کے ذمے سب سے زیادہ 22 ارب 64 کروڑ 20 لاکھ روپے ہیں، جبکہ کے اے پی سی او پر 5 ارب 8 کروڑ 50 لاکھ روپے اور اورینٹ پاور پر 3 ارب 24 کروڑ 20 لاکھ روپے واجب الادا ہیں۔
گیس سے چلنے والے پاور پلانٹس میں کیو اے ٹی پی ایل کے ذمے 30 ارب 62 کروڑ روپے، بلوکی کے ذمے 22 ارب 70 کروڑ 10 لاکھ روپے اور ایچ بی ایس کے ذمے 12 ارب 47 کروڑ 60 لاکھ روپے ہیں۔
ایس این جی پی ایل نے ڈائریکٹر جنرل گیس، پیٹرولیم ڈویژن سے بھی رابطہ کرکے واجبات کی جلد ادائیگی کے لیے مداخلت کی درخواست کی ہے۔ کمپنی کے مطابق سی پی پی اے-جی کی جانب سے بجلی کے شعبے کو فنڈز کی ناکافی فراہمی یا متعلقہ پاور پلانٹس کی عدم ادائیگی کے باعث یہ رقم جمع ہوئی ہے۔
کمپنی نے خبردار کیا ہے کہ واجبات کی مسلسل عدم ادائیگی سے اس کی مالی استعداد اور گیس فراہم کرنے والے اداروں کو ادائیگیوں کی صلاحیت متاثر ہورہی ہے۔ ایس این جی پی ایل نے متعلقہ اداروں سے فوری ادائیگی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدم ادائیگی برقرار رہنے پر وہ معاہدے کے تحت ریکوری کے حقوق استعمال کرسکتی ہے۔
کمپنی نے وزارت پیٹرولیم اور وزارت توانائی سے معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ درآمدی آر ایل این جی کی ادائیگیوں کا نظام مزید متاثر ہونے سے بچایا جاسکے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026