ایران کا امریکا سے امن مذاکرات شروع کرنے کی تجویز کا دفاع
- یہ بیان امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کی جانب سے ایران کی بعض شرائط کو اشتعال انگیز اور مضحکہ خیز قرار دینے کے بعد سامنے آیا ہے
ایران نے پیر کے روز امریکا کے ساتھ امن مذاکرات دو روز کے اندر دوبارہ شروع کرنے کی اپنی پیشکش کا دفاع کرتے ہوئے اسے مذاکرات کی میز پر موجود سب سے معقول تجویز قرار دیا ہے۔ یہ بیان امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کی جانب سے ایران کی بعض شرائط کو اشتعال انگیز اور مضحکہ خیز قرار دینے کے بعد سامنے آیا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ہفتہ وار پریس کانفرنس میں کہا کہ کیا یہ مطالبہ غیر معقول ہے کہ مذاکرات شروع ہونے سے پہلے امریکا اپنی غیر قانونی پابندیاں اور بحری ناکہ بندی ختم کرے اور تمام محاذوں پر جنگ کا خاتمہ کیا جائے؟
ایران نے مذاکرات کی بحالی کے لیے پہلے سات روز کی مہلت دینے کی تجویز پیش کی تھی، تاہم اب اس مدت کو کم کرکے دو روز کرنے کی پیشکش کی ہے۔ اس تجویز کے تحت امریکا کو پہلے جنگی کارروائیاں روکنے، بحری ناکہ بندی ختم کرنے اور پابندیوں سے دستبردار ہونے سمیت ایرانی شرائط پوری کرنا ہوں گی۔
اسماعیل بقائی نے عراق پر امریکی دباؤ پر بھی تشویش کا اظہار کیا، جس کا مقصد عراق کی ایران کے ساتھ بیشتر سرحدیں بند کروانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے سے بغداد اور تہران کے دوطرفہ تعلقات متاثر نہیں ہونے چاہئیں۔
انہوں نے ایران کی زمینی تجارت محدود کرنے کے لیے امریکی فوجی ٹاسک فورس کے قیام کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جماعت ری پبلکن کو وسط مدتی انتخابات میں ہونے والے نقصان سے توجہ ہٹانے کی کوشش قرار دیا۔