✕
کاروبار اور معیشت

پی آئی اے کے طیاروں کی صفائی کے مقابلے میں کراچی نے میدان مار لیا

  • سی ای او کا کہنا ہے کہ ایئرلائن کے طیاروں کو بہترین ممکنہ حالت میں برقرار رکھنا ادارے کی اولین ترجیح ہے
شائع اپ ڈیٹ

کراچی نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے طیاروں کی کیبن صفائی کے مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی، جبکہ لاہور دوسرے نمبر پر رہا۔ اس مقابلے میں کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے اسٹیشنز نے حصہ لیا۔

یہ مقابلہ مسافروں کے سفر کو مزید آرام دہ بنانے اور طیاروں کے اندر صفائی کے معیار کو بہتر بنانے کی کوششوں کا حصہ تھا۔

اس مقصد کے تحت پی آئی اے نے تینوں شہروں میں بیک وقت خصوصی صفائی مہم شروع کی، جس کے دوران جائزہ ٹیموں نے طیاروں کا معائنہ کرکے صفائی اور دیکھ بھال کے معیار کا جائزہ لیا۔

پی آئی اے کے مطابق یہ اقدام ایئرلائن کے مختلف انتظامی امور کو بہتر بنانے اور خدمات کا معیار بلند کرنے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے۔

اس مہم کے دوران بہترین کارکردگی دکھانے والے ملازمین کی حوصلہ افزائی کے لیے ایئرلائن کے اسلام آباد دفتر میں ایک تقریب منعقد کی گئی۔

پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایڈرین ہیملٹن مینز نے کہا کہ طیاروں کی صفائی انتہائی اہمیت رکھتی ہے اور ایئرلائن کے برانڈ کا معیار بلند ترین سطح پر برقرار رکھنا ناگزیر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپنے طیاروں کو بہترین ممکنہ حالت میں رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے۔

کیبن کی صفائی برقرار رکھنے میں نمایاں کردار ادا کرنے والے ملازمین کو شیلڈز اور تعریفی اسناد پیش کی گئیں، جبکہ ان کی کارکردگی کے اعتراف میں نقد انعامات بھی دیے گئے۔

ایئرلائن نے کہا کہ صفائی، معیار اور خدمات کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

یہ پیش رفت پی آئی اے کے نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایڈرین ہیملٹن مینز کے باضابطہ طور پر عہدے کا چارج سنبھالنے کے چند روز بعد سامنے آئی ہے۔ انہیں کمرشل ایوی ایشن کے شعبے میں 30 سال سے زائد تجربہ حاصل ہے اور وہ عمان، قازقستان اور افریقی خطے کی تین ایئرلائنز میں بطور چیف ایگزیکٹو خدمات انجام دے چکے ہیں۔

انہیں قومی ایئرلائن کی خدمات کا معیار بہتر بنانے اور عالمی فضائی صنعت میں اس کی پوزیشن مستحکم کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ ہیملٹن کو ایوی ایشن کے شعبے میں اصلاحات کے نفاذ اور ادارہ جاتی ڈھانچے کی ازسرنو تشکیل کا ماہر سمجھا جاتا ہے۔