بینکاری بحران، پیراگوئے کے صدر مستعفی، مواخذے کی کارروائی شروع
- کانگریس نے صدر کا استعفیٰ منظور کرنے کا فیصلہ مؤخر کرتے ہوئے مواخذے کی کارروائی آگے بڑھانے کا اعلان کیا ہے
پیراگوئے کے صدر سینتیاگو پینا کو مالیاتی بحران کے باعث مواخذے کی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا، جس کے نتیجے میں انہوں نے جمعرات کو مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔ بینک کے سرکاری تحویل میں لیے جانے کے بعد ملک کی تقریباً نصف آبادی اپنی رقوم تک رسائی سے محروم ہو گئی تھی۔
کانگریس نے صدر کا استعفیٰ منظور کرنے کا فیصلہ مؤخر کرتے ہوئے مواخذے کی کارروائی آگے بڑھانے کا اعلان کیا ہے، جس کے باعث وہ عبوری طور پر عہدے پر برقرار رہیں گے۔
پیراگوئے کے مرکزی بینک نے دو روز قبل صدر سے منسلک یونو بینک کو اپنی تحویل میں لے لیا تھا، جس سے تقریباً 30 لاکھ افراد، بشمول پنشنرز، کے ڈپازٹس منجمد ہو گئے۔ اس اقدام کے خلاف ملک بھر میں احتجاج شروع ہو گیا اور ہزاروں افراد نے کانگریس کے باہر مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے اپنی رقوم واپس کرنے کا مطالبہ کیا، جبکہ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس اور واٹر کینن کا استعمال کیا۔
ارکانِ پارلیمنٹ نے بینک سے تعلقات کے معاملے پر بدعنوانی اور مفادات کے ٹکراؤ کے الزامات کے تحت صدر کے مواخذے کی کارروائی متفقہ طور پر شروع کرنے کی منظوری دی۔ پینا نے جمعرات کو عوام سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا عوام کا اعتماد توڑنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔ مواخذے کا ٹرائل جمعہ کو شروع ہوگا۔
مرکزی بینک کے مطابق یونو بینک کو سرمائے کی شدید کمی کے باعث تحویل میں لیا گیا تاکہ کھاتہ داروں کے مفادات اور مالیاتی نظام کا استحکام محفوظ رکھا جا سکے۔ نائب صدر پیڈرو الیانا کے صدر کا منصب سنبھالنے کا امکان ہے۔