وزیراعظم کا پیٹرول سبسڈی فراہم نہ کرنے والے پیٹرول پمپس کے لائسنس منسوخ کرنے کا حکم
- وزیراعظم نے ٹیکنالوجی کی مدد سے فراہم کی جانے والی پیٹرول سبسڈی کو شفاف اور انقلابی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ مستقبل کے عوامی فلاحی منصوبوں کے لیے ایک نیا معیار قائم کرے گی
وزیراعظم شہباز شریف نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وزیراعظم فیول ریلیف پروگرام کے تحت رجسٹرڈ مستحقین کو سہولت فراہم نہ کرنے والے پیٹرول پمپس کے لائسنس منسوخ کردیے جائیں،
وزیراعظم نے پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اس پر عمل درآمد اور شفافیت کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کیا،
انہوں نے کہا الحمدللہ، رجسٹریشن اور سبسڈی کی ادائیگی کے طریقہ کار کو آسان بنانے کے نتیجے میں رجسٹریشن میں اضافہ ہوا ہے، جس سے زیادہ مستحق شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھا رہے ہیں،
وزیراعظم نے ٹیکنالوجی پر مبنی اس شفاف سبسڈی اسکیم کو مستقبل میں اسی نوعیت کے عوامی فلاحی منصوبوں کے لیے ایک انقلابی اقدام قرار دیا،
انہوں نے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ، وفاقی سیکریٹری آئی ٹی ضرار ہاشم خان اور ان کی ٹیم کو اسکیم کے لیے مؤثر مانیٹرنگ سسٹم اور ڈیش بورڈ تیار کرنے پر بھی سراہا،
اجلاس کے دوران حکام نے شرکا کو بتایا کہ اب تک سبسڈی پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 15,519,282 شہری رجسٹرڈ ہوچکے ہیں، جن میں 1 کروڑ 50 لاکھ 60 ہزار موٹر سائیکل مالکان اور 4 لاکھ 49 ہزار ایسے گاڑیوں کے مالکان شامل ہیں جن کی انجن کی گنجائش 800 سی سی تک ہے،
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ اب تک 63,153,685 فیول سبسڈی ٹوکن جاری کیے جاچکے ہیں، جن میں سے 59,445,347 ٹوکن استعمال کیے جاچکے ہیں،
اجلاس کو بتایا گیا کہ 4 نومبر 2026 تک فیول سبسڈی اسکیم کے تحت 28 ارب 60 کروڑ روپے کی ادائیگیاں کی جاچکی ہیں،
حکام نے مزید بتایا کہ صارفین اور پیٹرول پمپ مالکان کے لیے الگ الگ کال سینٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں، جہاں پروگرام سے متعلق معلومات فراہم کرنے کے ساتھ شکایات کا ازالہ بھی کیا جائے گا،
اجلاس میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، توانائی کے شعبے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ظفر اقبال اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی،