✕
پاکستان

صدر مملکت آج سے جرمنی کے دورے پر روانہ ہوں گے، تجارتی تعلقات کے فروغ پر توجہ مرکوز

  • آصف علی زرداری اپنے جرمن ہم منصب، اعلیٰ قیادت اور کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے
شائع اپ ڈیٹ

صدر آصف علی زرداری 22 سے 24 اکتوبر تک جرمنی کا دورہ کریں گے، جس میں اقتصادی اور تجارتی تعاون سرفہرست ایجنڈا ہوگا۔

وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تین روزہ دورے کے دوران صدر آصف علی زرداری اپنے جرمن ہم منصب، اعلیٰ قیادت اور کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں پاکستان اور جرمنی کے دوطرفہ تعلقات، تجارت اور اقتصادی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

وزارت خارجہ نے کہا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے جاری روابط کا حصہ ہے۔ اس سال پاکستان اور جرمنی کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے، جس کے باعث اس دورے کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے پختہ عزم کا عکاس ہے۔