نائب وزیراعظم اسحاق ڈار ایس سی او سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے تاجکستان پہنچ گئے
- دورے کے دوران تاجکستان کے صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتیں کریں گے
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار پیر کو تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے پہنچ گئے، جہاں وہ 19 اور 20 اکتوبر کو شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ کے دو روزہ اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔
دوشنبے پہنچنے پر نائب وزیراعظم کا استقبال تاجکستان کے وزیر توانائی و آبی وسائل اور پاکستان، تاجکستان مشترکہ کمیشن کے شریک چیئرمین دالر جمعہ، تاجکستان میں پاکستان کے سفیر عرفان احمد، ایس سی او کے لیے پاکستان کے قومی رابطہ کار خلیل ہاشمی اور تاجک حکومت کے سینئر حکام نے کیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار تاجکستان کے وزیراعظم قاہر رسول زادہ کی دعوت پر اس دورے پر گئے ہیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق ایس سی او اجلاس میں بیلاروس، چین، قازقستان، کرغزستان، روس، تاجکستان اور ازبکستان کے وزرائے اعظم شرکت کریں گے، جبکہ ایران کے نائب صدر اور بھارت کے وزیر خارجہ بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔
کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ ایس سی او کا دوسرا اعلیٰ ترین فیصلہ ساز ادارہ ہے۔ یہ کونسل اقتصادی، مالیاتی، تجارتی، کاروباری، علاقائی رابطوں اور سماجی و اقتصادی تعاون کے علاوہ تنظیم کے بجٹ سے متعلق امور پر رہنمائی فراہم کرتی ہے جب کہ اجلاس میں مشترکہ اعلامیہ، بیانات اور دیگر فیصلوں کی منظوری متوقع ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق دورے کے دوران اسحاق ڈار تاجکستان کے صدر اور وزیراعظم سے بھی ملاقات کریں گے، جبکہ اجلاس کے موقع پر ایس سی او کے رکن ممالک سے تعلق رکھنے والے اپنے ہم منصبوں کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔