✕
کاروبار اور معیشت

ایشیائی بینک کا ایم ایل ون منصوبے کیلئے مکمل تعاون کا عزم

  • ایشیائی بینک کی صدر کی وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال سے ملاقات
شائع اپ ڈیٹ

ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے صدر ماساتو کانڈا نے پاکستان کے مین لائن ون (ایم ایل ون) ریلوے کی جدید کاری کے منصوبے کیلئے بینک کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ طویل عرصے سے تاخیر کا شکار منصوبے کو آگے بڑھانے کیلئے ممکنہ مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔

ماسے تو کانڈا نے منگولیا کے شہر اولان باتر میں 25ویں کیئرک وزارتی کانفرنس کے موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال سے ملاقات کے دوران یہ یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں علاقائی رابطوں، برآمدات، موسمیاتی فنانسنگ اور اہم معدنیات سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

احسن اقبال نے وزیراعظم شہباز شریف کا پیغام پہنچاتے ہوئے ایم ایل ون سے متعلق ضابطہ جاتی کارروائیاں جلد مکمل کرنے پر زور دیا تاکہ منصوبے کا سنگ بنیاد جلد رکھا جاسکے۔ انہوں نے ایم ایل ون کو پاکستان کے ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کیلئے اسٹریٹجک اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے مربوط ریل اور سڑکوں کے نیٹ ورک کے ذریعے علاقائی روابط مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے ترکمانستان، افغانستان اور پاکستان کے درمیان روابط بہتر بنانے کی تجویز بھی دی تاکہ کیئرک کے رکن ممالک کو گوادر بندرگاہ تک زیادہ رسائی فراہم کی جاسکے۔

فریقین نے پاکستان کی برآمدات 2035 تک 100 ارب ڈالر تک بڑھانے کے ہدف کیلئے مصنوعات اور مارکیٹوں میں موجود خلا کی نشاندہی اور معاونت کیلئے ایکسپورٹ ایکسیلیریٹر پروگرام پر غور کرنے پر اتفاق کیا۔ سیلابی پانی کے ذخیرے اور بہتر استعمال سے متعلق الگ مطالعہ کرانے کی تجویز بھی دی گئی۔

اے ڈی بی صدر نے مجوزہ مطالعات کرانے پر اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی کیلئے استحکام، پالیسیوں کا تسلسل اور مسلسل اصلاحات اہم ہیں۔ انہوں نے انفراسٹرکچر اور انسانی سرمائے کو بینک کی ترجیحی شعبوں میں شامل قرار دیا۔

ملاقات میں اہم معدنیات کے شعبے پر بھی بات ہوئی۔ احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان تانبے، اینٹی منی، کرومائٹ اور نایاب ارضی عناصر سمیت معدنیات میں ویلیو ایڈیشن اور مشترکہ منصوبوں کے ذریعے کان سے مصنوعات تک کا سفر طے کرنا چاہتا ہے۔

انہوں نے کیئرک کریٹیکل منرلز انویسٹمنٹ اینڈ ویلیو چین پلیٹ فارم قائم کرنے کی تجویز دی اور 12 اور 13 نومبر 2026 کو اسلام آباد میں ہونے والے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں کیئرک ممالک کے کاروباری اداروں کو شرکت کی دعوت دی۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026